معاشرے میں انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کردارمسلمہ ہے،عاطف خان

بدھ 13 اپریل 2016 16:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 اپریل۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کردارمسلمہ ہے اور اس نے ہر مشکل وقت باالخصوص ملک میں آمریت کے خلاف تحریک اور عدلیہ کی آزادی میں اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے اور آج ملک میں آزاد عدلیہ اس کی مرہون منت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ایجنڈے میں عوام کو ان کی دہلیز پر سستے اور فوری انصاف کی فراہمی سرفہرست ہے لہٰذا اس اہم مقصد کے لئے حکومت وکلاء برادری کے فلاح و بہبود کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں کاٹلنگ تحصیل بار ایسوسی ایشن کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر جمیل خان کررہے تھے۔

(جاری ہے)

وفد کے ارکان نے تحصیل میں ایڈیشنل سیشن جج اور سول جج کی آسامیاں پیدا کرنے، بارروم بلڈنگ کے لئے فرنیچر اور لائبریری کے لئے کتابوں کی فراہمی، پارکنگ شیڈ کی تعمیر اور بلڈنگ سے ملحقہ اراضی کو تحصیل کے احاطے کا حصہ بنانے کا مطالبہ کیا۔ وفد کے ارکان نے وزیر موصوف کو کاٹلنگ بار ایسوسی ایشن کی تقریب حلف بردار ی میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔

وزیر تعلیم نے وفد کے مطالبات کا ذکر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ تحصیل سے ملحقہ اراضی کے سلسلے میں مقامی انتظامیہ جبکہ دیگر مطالبات کے حل کے لئے وہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے خصوصی فنڈ منظو ر کرائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے رائٹ ٹو انفارمشن، رائٹ ٹو پبلک سروسز،احتساب ایکٹ، لوکل گورنمنٹ ایکٹ، کنفلکٹ آف انٹرسٹ اور وسل بلو جیسے قوانین متعارف کرکے صوبے میں اچھی طرز حکمرانی کی بنیا د رکھ دی ہے اور ان کے مکمل نفاذ کے بعد عوام حسب وعدہ ایک واضح تبدیلی محسوس کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے ذریعے حکمرانوں اور افسرشاہی کو براہ راست عوام کے سامنے جوابدہ بنا دیا ہے۔عاطف خان نے کہا کہ بار ان کے لئے نیا نہیں کیونکہ وہ خو د تو ایک وکیل نہیں لیکن بار میں ان کے بہترین وکیل دوست موجود ہیں جن سے ان کا رابطہ ہوتا رہتا ہے لہٰذا وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک وکلاء برادری کے مسائل حل نہیں ہو جاتے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں