بجٹ اہداف کاحصول ہر صورت یقینی بنائینگے، کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی،محمدعاطف

محکمہ تعلیم کیلئے مختص شدہ ترقیاتی بجٹ کا اب تک 39.2 فیصد استعمال کیا جا چکا ،جون 2016 تک مطلوبہ بجٹ اہداف حاصل کرلئے جائینگے محکمے کوبروقت فنڈز ریلیز کئے گئے تو مختص شدہ بجٹ مقررہ مدت تک خرچ کیاجائیگا ، مختلف منصوبوں کیلئے 13ارب40کروڑ روپے مختص کئے گئے ،اب تک تقریبا ً 5 ارب روپے سے زائد خرچ کئے جاچکے ہیں ، وزیر تعلیم خیبرپختونخوا

منگل 12 اپریل 2016 22:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 اپریل۔2016ء) خیبرپختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ محکمہ حکومتی ہدایات کے مطابق بجٹ اہداف کاحصول ہر صورت یقینی بنائے گا اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ بجٹ اہداف کے حصول میں ناکام افسرا ن کے خلاف متعلقہ قانون کے تحت کاروائی ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں محکمہ تعلیم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری ابتدائی تعلیم افضل لطیف ، ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم قیصر عالم ،ڈائریکٹر تعلیم رفیق خٹک اور دوسرے متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مختص شدہ ترقیاتی بجٹ کا اب تک 39.2 فیصد استعمال کیا جا چکا ہے اور جون 2016 تک مطلوبہ بجٹ اہداف حاصل کرلئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اگر محکمے کوبروقت فنڈز ریلیز کیے گئے تو مختص شدہ بجٹ مقررہ مدت تک خرچ کیاجائیگا ۔اجلاس کو مزیدبتایاگیا کہ مختلف منصوبوں کے لئے 13ارب40کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں سے اب تک تقریبا ً 5 ارب روپے سے زیادہ خرچ کئے جاچکے ہیں ۔ اجلاس کوآئی ٹی لیب،سپورٹس گراؤنڈ ،پرائمری سکولوں میں پلے ایریاز،سکولوں کی سٹینڈرڈائزیشن،تعمیر سکول پروگرام اور سکولوں کو فرنیچر کی فراہمی کے بارے میں تفصیل سے بتایا گیا۔

اجلاس کو مزیدبتایا گیا کہ مردان ماڈل سکول کا ڈیزائن مکمل ہو چکا ہے اور اس پر بہت جلدعملی کام شروع کر دیا جائے گا۔اجلاس کو 2005 ء کے تباہ کن زلزلے میں تباہ ہونے والے 760 سکولوں پر پیش رفت کے بارے میں بھی بتایا گیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے زلزلے میں تباہ ہونے والے سکولوں کے لئے 8 ارب روپے مختص کیے ہیں اور ان پرباقاعدہ کام کاآغازبھی کردیا گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا سہرا موجودہ حکومت کوجاتاہے جس نے ماضی کی حکومتوں کے برعکس ان سکولوں پر کام شروع کرنے کا بیڑہ اٹھایا ۔ انہوں نے محکمے کے حکام پرزوردیا کہ وہ حکومت کی نئی تعلیمی پالیسی پر من وعن عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ نیاپختونخوابنانے کا خواب شرمندہ تعبیرہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگربجٹ اہداف کے حصول میں کسی بھی مرحلے پرکسی مشکل کاسامنا ہوتو ان کے نوٹس میں لائیں تاکہ بروقت ازالہ ہوسکے ۔عاطف خان نے کہا کہ محکمے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے لیکن اب بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں