برطانوی ادارہ برٹش کونسل ممبرانِ صوبائی اسمبلی کی استعدادِ کار بڑھانے میں معاونت فراہم کرے گا

پیر 11 اپریل 2016 19:08

پشاور(اُردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 اپریل 2016ء) خیبر پختونخواکے ممبرانِ صوبائی اسمبلی کی استعدادِکار بڑھانے کی غرض سے انھیں مختلف شعبوں میں تربیت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بیرون ممالک کے تجربات و مشاہدات سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے18 مہینوں کے ایک جامع پروگرام کے تحت باہربھیجا جائے گا جس کی معاونت برٹش کونسل کرے گا اور اس سلسلے میں برٹش کونسل کے ساتھ عنقریب مفاہمت کی یاداشت پردستخط کئے جائیں گے۔

اس حوالے سے اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کی خصوصی ہدایات پر تشکیل شدہ اسمبلی کی اسٹیرنگ کمیٹی برائے استعداد کار اوربیرون ملک دوروں کی چیئرپرسن اور صوبائی وزیر برائے معدنیات انیسہ زیب طاہر خیلی اوربرٹش کونسل پاکستان کی پروگرام ہیڈ فائزہ عنایت اور پراجیکٹ منیجر مدثر حفیظ کے درمیان ایک اہم ملاقات صوبائی اسمبلی کے سپیکر چیمبر میں منعقد ہوئی جس میں سپیشل سیکرٹری صوبائی اسمبلی عطاء اللہ خان کے علاوہ دیگر متعلقہ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر برٹش کونسل کے نمائندوں نے کمیٹی کی چیئرپرسن کو اپنے ادارے کی معاونت کے بارے میں تفصیلی طورپر آگاہ کیا۔انیسہ زیب کو بتایا گیا کہ مجوزہ پروگرام کے تحت صوبائی اسمبلی کے اراکین کو قانون سازی ،حکومتی امور میں شفافیت،کمیٹیوں،لیگل ڈرافٹنگ،طرزِحکمرانی،قانون سازی کی ضروریات اورموجودہ ڈھانچے،احتسابی عمل اور پارلیمانی نظام کا باریک بینی سے مشاہدے کے مواقع،حکومت اوراداروں کے درمیان رابطہ سمجھنے کے طریقہ کار،باہمی تعلقات کی استواری سمیت دیگر شعبوں میں باہر ممالک کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کے مواقع میسرآسکیں گے۔

اس جامع پروگرام کے تحت اراکین اسمبلی کو آئندہ18 مہینوں کے دوران12 الگ الگ وفود کی شکل میں بیرون ملک بھیجا جائے گا جس کے لئے معاونت فراہم کرنے کے سلسلے میں اپنی طرف سے مفاہمتی یادداشت کاڈرافٹ آئندہ ہفتے اسمبلی سیکرٹریٹ ارسال کرے گا جس کو سپیکر خیبرپختونخواسمبلی کی منظوری کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔صوبائی وزیر معدنیات انیسہ زیب نے خیبر پختونخوااسمبلی اراکین کے استعداد کاربڑھانے کے سلسلے میں تعاون فراہم کرنے پر برطانوی ادارے کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی روابط اور تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

انھوں نے کہا کہ برٹش کونسل پہلے سے ہی پاکستان میں متعدد شعبوں میں تعاون فراہم کر رہی ہے جو دونوں ممالک کے درمیان بہترین تعلقات کا مظہرہے

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں