ملاکنڈ ڈویژن میں کسٹم ایکٹ ظالمانہ اقدام ہے ملاکنڈ کے حقوق پر کوئی سودا بازی نہیں کریں گے، مشتاق احمد خان

یہ ٹیکس گردی ہے اور پہلے سے دہشت گردی کے شکار ملاکنڈ ڈویژن کے عوام پر رحم کریں گے ، حکومت اس عوام دشمن ایکٹ کو فوری طور پر واپس لے لیں 11 اپریل کو شٹر ڈاؤن ہڑتال ریفرنڈم ثابت ہوگا ،جماعت اسلامی کے صوبائی اقلیتی کنونشن سے خطاب

ہفتہ 9 اپریل 2016 22:42

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔09 اپریل۔2016ء)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتا ق احمد خان نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن میں کسٹم ایکٹ ظالمانہ اقدام ہے ملاکنڈ کے حقوق پر کوئی سودا بازی نہیں کریں گے یہ ٹیکس گردی ہے اور پہلے سے دہشت گردی کے شکار ملاکنڈ ڈویژن کے عوام پر رحم کریں گے ۔ حکومت اس عوام دشمن ایکٹ کو فوری طور پر واپس لے لیں ۔

کسٹم ایکٹ پر تمام سیاسی جماعتیں سیاست سے بالاتر ہوکر جدوجہد کریں گے ۔ 11 اپریل کو شٹر ڈاؤن ہڑتال ریفرنڈم ثابت ہوگا ۔ ملاکنڈ ڈویژن کے لیے گزشتہ 15 سالہ دور تباہی و بربادی کا دور رہا ہے حکومت ریلیف دینے کے بجائے ٹیکس لگار ہی ہے جس کو مستر د کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی کی اقلیتی کنونشن میں تمام مذاہب کے لوگوں کے موجودگی سے یہ خوبصورت گلدستہ کی حیثیت اختیارکر گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جماعت اسلامی نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے ۔ کامیاب کنونشن سے ثابت ہوگیا کہ جماعت اسلامی ہی اقلیتوں کے حقوق کی علمبردار جماعت ہے ۔ وہ پشاور میں جماعت اسلامی کے صوبائی اقلیتی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے اندر اقلیتی برادری کا اہم کردار رہا ہے اور ہم کنونشن کے ذریعے دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ اگر پاکستان کا آئین حقیقی معنوں میں لاگو ہوگیا تو اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں گے ۔

انہوں نے کہاکہ جب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوتا ملک ترقی نہیں کرسکتا،عوام کی تمام پریشانیوں اور محرومیوں کے ذمہ دار کرپٹ حکمران ہیں جنہوں نے قومی دولت لوٹ کر 375ارب ڈالر بیرونی بنکوں میں رکھے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر 72ارب ڈالر بیرونی قرضہ ہے جس نے ملکی معیشت کو جکڑ رکھا ہے اور سود کی ادائیگی کے بعد عوام کیلئے بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی ممکن نہیں رہتی اگر بیرون ملک پڑی ہوئی قومی دولت ملک میں آجائے تو ناصرف تمام قرضے ادا ہوسکتے ہیں بلکہ عوام کو تعلیم صحت روز گار اور چھت کی سہولتیں بھی آسانی سے مل سکتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ 68 سالوں سے لوٹ مار کرنے والا ٹولہ پاکستان پر مسلط ہے یہ ٹولہ پاکستان کو پسماندگی،غربت ، بدامنی میں مبتلا کرنے والا ٹولہ ہے جو کرپشن کے ذریعے لوٹ مار کر کے اپنے پیسے باہر کے آف شور کمپنیوں کو لگا رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ڈیڑھ روپے فی یونٹ پیدا ہونے والی بجلی 16 روپے فی یونٹ میں فروخت کر رہے ہیں، ادویات کے قیمتوں میں 120 فی صداضافہ کیا اور تیل کی قیمتوں میں اربوں روپے کمائے ۔ہم ایسے ٹولے سے بغاوت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان میں امانت و دیانت کا بول بالا ہوگا اور چوروں اور لٹیروں کو کہیں جائے پناہ نہیں ملے گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں