موجودہ حکومت عوام کی خدمت کرنا اپنا فرضِ اولین سمجھتی ہے،عنایت اللہ

حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں پر عوام بھی کڑی نظر رکھیں ،وزیر بلدیات خیبرپختونخوا

ہفتہ 9 اپریل 2016 21:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 اپریل۔2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئروزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کے اجتماعی مفاد کے منصوبوں کی جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں اپر دیر،لوئر دیر اور کوہستان سے تعلق رکھنے والے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا،جس کی قیادت ممبر صوبائی اسمبلی محمد علی کر رہے تھے۔

وفد نے سینئر وزیر کو علاقے کے جنگلات کے تحفظ ،مالکانہ حقوق اور شرینگل روڈ کی پختگی اور اسے جلد از جلد کھولنے سمیت دیگر مسائل کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔سینئر صوبائی وزیر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کو درپیش مسائل کے حل اور شرینگل روڈ کی تعمیر و مرمت کے لئے فنڈز کی فراہمی کے لئے وہ ذاتی طور پر بھرپور اقدامات کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے ترقیاتی منصوبوں پر عوام بھی کڑی نظر رکھیں اور متعلقہ حکام کے ساتھ اس سلسلے میں بھرپور تعاون جاری رکھیں تاکہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ منصوبے اور سکیمیں معیار کے مطابق بروقت مکمل ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ دیر بالا کے عوام شعوری اور نظریاتی عوام ہیں لہذا موجودہ حکومت عوام کی خدمت کرنا اپنا فرضِ اولین سمجھتی ہے۔ وفد نے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر سینئر وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شرینگل روڈ کی تعمیر و مرمت اور دیگر ترقیاتی کاموں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں