عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کے استعمال کو تحریک انصاف کا موٹو ہے،پرویزخٹک

بدقسمتی سے پاکستان میں تنخواہوں اور اجرتوں کے غیر مساوی نظام نے غریب کا ہمیشہ استحصال کیا ہے ،،وزیراعلی خیبرپختونخوا

بدھ 6 اپریل 2016 18:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کے استعمال کو تحریک انصاف کا موٹو قرار دیتے ہوئے اخبار فروشوں کی سہولت کیلئے صوبہ بھر میں ضلعی سطح پر اخبار فروشی کی مارکیٹوں کے قیام کیلئے آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں سکیم شامل کرنے کی ہدایت کی ہے وہ بدھ کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں اخبار فروش یونین نوشہرہ کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب سے خطاب کر رہے تھے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی کے علاوہ ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات شعیب الدین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ فضل حسین ، مرکزی سیکرٹری جنرل اخبار فروش یونین پاکستان ٹکا خان اور مشتاق پراچہ بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اخبار فروش یونین نوشہرہ کی نومنتخب کابینہ سے باضابطہ حلف لیا ۔

(جاری ہے)

نومنتخب عہدیداروں میں صدر شیر زمان ، سینئر نائب صدر دارالامان، نائب صدر محمد امتیاز، جنرل سیکرٹری محمد اختر، چیئرمین مجلس عاملہ اجمیر خان اور دیگر شامل تھے ۔ جنرل سیکرٹری محمد اختر خان نے سپاسنامہ پیش کیا جبکہ مرکزی جنرل سیکرٹری ٹکا خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور حلف برداری تقریب کیلئے وقت نکالنے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے کہاکہ وہ بحیثیت صحافی تسلیم کرتے ہیں کہ تحریک انصاف واقعی مثبت تبدیلی کیلئے جدوجہد کررہی ہے جس کے نتائج دیکھے جا سکتے ہیں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف غریب عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے اور عوام کی فلاح کیلئے وسائل کا استعمال اس کا طرہ امتیاز ہے انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں تنخواہوں اور اجرتوں کے غیر مساوی نظام نے غریب کا ہمیشہ استحصال کیا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اول دن سے اس فرق کو ختم کرنے اور غریب عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ صوبے کا زیادہ بجٹ تنخواہوں کی مد میں خرچ کیا گیا وزیراعلیٰ نے اخباری صنعت میں اخبار فروشوں کے کردار کو بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس غریب مگر انتہائی محنت کش طبقہ کی اہمیت اور ان کو درپیش دیرینہ مسائل کو کبھی محسوس نہیں کیا گیا وزیراعلیٰ نے اخبار فروشوں کو درپیش مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبہ کے تمام ضلعوں میں اخبار فروشی کی مارکیٹیں قائم کرنے کا اعلان کیا اور اس سلسلے میں سکیم آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی انہوں نے اخبار فروشوں کو درپیش دیگر مسائل کا بھی قابل عمل حل تلاش کرنے کی ہدایت کی ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں