وزیر اعظم ملک کو سیکولر بنانے کے پرویزمشرف کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل پر عمل پیرا ہیں،سراج الحق

دینی جماعتیں ہر صورت میں دفاع کر کے ملک کو سیکولر نہیں بننے دیں گی ،امیر جماعت اسلامی کا تقریب سے خطاب

اتوار 3 اپریل 2016 16:29

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 اپریل۔2016ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف ملک کو سیکولر بنانے کے سابق صدر پرویز کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل پر عمل پیرا ہیں ملک کی دینی جماعتیں دو قومی نظریہ کو ہر صورت میں دفاع کر کے ملک کو سیکولر بننے نہیں دیں گی حکومت جمعہ کی چھٹی بحال کرنے اور آئندہ بجٹ میں مدارس کے طلبہ کا بھی خیال رکھے ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پشاور میں دستار بندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ملکی صورت حال انتہائی نازک اور خراب ہے اور وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت سابق صدر پرویز مشرف کے ملک کو سیکولر بنانے کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل کرنے پر عمل پیرا ہے وزیر اعظم نے پاکستان کو سیکولر بنانے کا نعرہ لگا کر دو قومی نظریئے کی نفی کی ہے وزیر اعظم نواز شریف سیکولر ازم کا نعرہ لگا کر پاکستان میں حکومت نہیں کر سکتے انہوں نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا ۔

(جاری ہے)

ملک کی دینی جماعتیں پرعزم ہیں کہ نظریہ پاکستان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور ملک کو سیکولر بنانے کی سوچ کو پورا نہیں ہونے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں تحفظ حقوق نسواں بل کو تسلیم نہیں کرتے عورتوں کے حقوق کے لئے بہتر بل وفاقی حکومت کو پیش کریں گے تاکہ خواتین کے حقوق کی فراہمی اسلامی نقطہ نظر کو مدنظر رکھ کر پیش کریں گے انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیکورٹی ادارے جب چاہتے ہیں دینی مدارس میں داخل ہو کر معلومات حاصل کرتے ہیں اور کچھ بھی حاصل نہیں ہوتا پنجاب کی شوگر ملز میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ایجنٹس گرفتار ہوئے تو کیا اب شوگر ملز کو بھی بند نہیں کرنا چاہئے امیر جماعت اسلامی نے وفاقی صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ آئندہ آنے والے بجٹ میں دینی مدارس میں زیر تعلیم 31 لاکھ طلبہ کو بھی مدنظر رکھا جائے اور ملک بھر میں اتوار کی چھٹی کو ختم کر کے جمعہ کی چھٹی بحال کی جائے ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں