خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی، 16 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

شدید بارشوں سے مختلف مقامات پر سلائیڈ سے راستے بند ،ہرطرف خوف وہراس ،درجنوں مکانات تباہ ،مکین دربدر، برساتی نالوں میں طغیانی سے متعدد پن بجلی گھر تباہ ، شاہراہ قراقرم بند ، مسافر گاڑیاں پھنس گئی ،دریا سوات میں اونچے درجے کا سیلاب، ریڈ الرٹ جاری،پشاور میں شدید بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں محکمہ موسمیات کی خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان ،کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی

اتوار 3 اپریل 2016 11:48

خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی، 16 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

پشاور/گلگت /شانگلہ /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 اپریل۔2016ء ) خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں شدید بارشوں نے تباہی مچادی ،مکانات کی چھتیں گرنے اور سیلابی پانی میں بہہ جانے کے واقعات میں بچوں اور خواتین سمیت16 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے،شدید بارشوں سے مختلف مقامات پر سلائیڈ سے راستے بند ہوگئے ، برساتی نالوں میں طغیانی سے متعدد پن بجلی گھر تباہ ہوگئے، شاہراہ قراقرم بند ہوگئی جس سے کئی مسافر گاڑیاں پھنس گئی ،دریا سوات میں اونچے درجے کا سیلاب اور سوات ضلعی انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کردیا،پشاور میں شدید بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں ،محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان ،کشمیر میں اکثرمقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی گئی ۔

(جاری ہے)

اتوار کو گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے باعث چلاس کے علاقے جچن میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں والد بیٹا اور 2 بیٹیاں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ چترال کے علاقے ٹھینک شین میں گھر پر پہاڑی تودہ گرنے سے 5 افراد زخمی ہو گئے جب کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم کئی مقامات سے بند ہو گئی۔

سوات میں بھی شدید بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں 2 خواتین سمیت 3 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے جب کہ کبل کے علاقے کلا گئی کے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ شدید بارشوں نے بحرین میں بھی تباہی مچادی اور رابطہ پل سیلابی پانی میں بہہ گیا۔ بارشوں کے باعث دریائے سوات میں اونچے درجے کا سیلاب آ گیا ہے جب کہ پشاور میں گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں ۔

چارسدہ میں بھی شبقدر کے گاؤں چلماری میں مکان کی چھت گرنے سے ایک بچہ دب کر جاں بحق ہو گیا جب کہ ماں اور بھائی شدید زخمی ہو گئے۔ بالاکوٹ کے گاؤں پھاگل کاغان میں بھی گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گئے۔ شانگلہ میں پولیس کے مطابق لیلونئی کے علاقے میں لینڈ سلائیڈ سے ایک گھر مکمل طور تباہ ہوا جس میں4 افرادجاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوگئے ۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ضلعی ہسپتال الپوری منتقل کیاگیا ۔مارتونگ میں گھر کی چھت گرنے سے تین افراد جاں بحق ہوئے ۔ضلع بھر میں 20سے زائد مکانات تباہ ہوگئے ۔اس کے علاوہ شانگلہ میں شدید بارشوں سے مختلف مقامات پر سلائیڈ سے راستے بند ہوگئے ہیں جبکہ برساتی نالوں میں طغیانی سے متعدد پن بجلی گھر تباہ ہوگئے ہیں۔ سوات کے علاقے بحرین میں دریا میں طغیانی سے رابطہ پل بہہ جانے سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دریا سوات میں اونچے درجے کا سیلاب ہے اور سوات کے ضلعی انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کیا ہیں۔چترال میں تورکہو روڈ شوچ کے مقام پر لینڈ سلائیڈ کی وجہ سے آمد ورفت کے لیے بند ہوگیا ہے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات ہیں۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

خیبرپختونخواہ( پشاور، مردان، بنوں، کوہاٹ، ڈی آئی خان ڈویژن)، بالائی پنجاب(راولپنڈی ، سرگودھا، گوجرانوالہ ڈویژن) میں کہیں کہیں جبکہ ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال، فیصل آباد، لاہور ڈویژن اور شمال مشرقی بلوچستان(کوئٹہ، ڑوب، قلات، سبی ڈویژن)میں چند مقامات پر تیز /گردآلودہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخواہ، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی جبکہ بالائی بلوچستان ، بالائی پنجاب اور اسلام آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخواہ کے علاقے مالم جبہ 115، پٹن94،سیدوشریف68،دیر64،پاراچنا،رکالام70،پشاور سٹی38،لوئردیر36،چترال34،پشاور ائر پورٹ 32، بالاکوٹ26، دروش 17، میرکھانی 15، چراٹ، رسالپور03، کاکول، کوھاٹ01 ، گلگت بلتستان کے علاقے چلاس48، استور35،، گلگت 31، بونجی13، گوپس 09، سکردو03 ، کشمیرکے علاقے مظفر آباد10، راولاکوٹ09،گڑھی دوپٹہ07، کوٹلی01، پنجاب کے علاقے مری10،سیالکوٹ سٹی02 بلوچستان کے علاقے ژوب 11، دالبندین 03،کوئٹہ02ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں