پشاور ،چوہے مار دیئے ، پیسے کون دے گا؟ ضلعی حکومت کے افسران بھی پریشان

ضلع ناظم کی زیر صدارت اجلاس،رقم کی ادائیگی کے طریقہ کار پر فیصلہ نہ ہو سکا،اجلاس پیر تک ملتوی

جمعہ 1 اپریل 2016 16:32

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم اپریل۔2016ء) پشاور کی ضلعی انتظامیہ اور کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے چوہے مارنے پر انعام کے اعلان بعد شہریوں نے اس پر عملدرآمد بھی شروع کر دیا ہے تاہم شہری پریشان ہیں کہ چوہے مارنے کے بعد پیسے کون دے گا؟جبکہ ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی سرجوڑ کر بیٹھ گئے کہ چوہے مارنے کے بعد شہریوں کو رقوم کی ادائیگی کیسے کی جائے ۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ضلع ناظم پشاور کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت اور فنانس کے افسران نے شرکت کی ،اجلاس میں چوہے مارنے اور ضلعی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ رقوم کی ادائیگی کا طریقہ کار زیر غور آیا ،ضلعی انتظامیہ کے افسران پریشان ہیں کہ چوہے مارنے کے انعام کے بعد شہریوں نے عملدرآمد بھی شروع کر دیا ہے تاہم اس رقم کی ادائیگی کیسے کی جائے ؟افسران کی جانب سے مختلف تجاویز کے باوجود اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہ ہوسکا اور اجلاس پیر تک ملتوی کر دیا گیا،دوسری جانب شہر بھر میں شہریوں نے چوہوں کی تلاش شروع کر دی اور مختلف طریقوں سے چوہوں کو مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے تاہم شہری پریشان ہیں کہ چوہے مارنے کے باوجود بھی رقم نہیں مل رہی اور حکومت کی جانب سے بھی کوئی طریقہ کار نہیں بتایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فی چوہا مارنے پر 300 روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں