اتحادیوں کی حمایت سے بنوں میں ضلعی ،تحصیل حکومتیں بناکر بنوں کو ماڈل ضلع بنائیں گے،ملک شاہ محمد معاون خصوصی وزیراعلیٰ کے پی کے

جمعرات 31 مارچ 2016 19:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد نے کہا ہے کہ ضلع و تحصیل کونسل کے پانچ منتخب آزاد ممبران نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے سا منے باقاعدہ تحریری طور پر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا جس کے ساتھ ہی تحریک انصاف نے ضلعی اور تحصیل حکومت سازی کیلئے ہدف پورا کرلیا ہے اور اپنے اتحادیوں کے ہمراہ جلد پریس کانفرنس کرکے اپنی اکثریت واضح کریں گے۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ ضلعی صدر مطیع اﷲ خان اور یونین کونسل ممند خیل کے ڈسٹرکٹ ممبر ملک میر شمد خان بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہُوئے ملک شاہ محمد خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں آنے کے بعد مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور انکے اقدام سے ظاہر ہوگیا ہے کہ وہ ذہنی طور پر شکست تسلیم کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

آزاد ممبران کیس کے حوالے سے بنوں سے منتخب رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر آٹھ مہینے سے مسلسل بنوں کے عوام سے جھوٹ بولنے اور ترقیاتی کاموں پر عدالت سے حکم امتناعی لینے پر قوم سے معافی مانگ کر حکم امتناعی واپس لے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں کسی قسم کے اختلافات نہیں مخالفین کی تمام افواہیں ناکام جھوٹ ثابت ہُوئی ہیں ہم انشاء اﷲ اپنے اتحادیوں کی حمایت سے بنوں میں ضلعی اور تحصیل حکومتیں بناکر بنوں کو ماڈل ضلع بنائیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ علاقائی سطح پر عوام اپنے فیصلے خود کریں یہی تحریک انصاف کا منشور ہے تحریک انصاف منفی سیاست پر یقین نہیں رکھتی مخالفین بنوں کے عوام کا مزید وقت ضائع نہ کریں اور پی ٹی آئی پر تنقید کے بجائے قوم کو اپنی کارکردگی دکھائیں ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں