دینی مدارس کے علوم میں عصری علوم شامل کرنا ازحد ضروری ہے‘ حاجی حبیب الرحمن

جمعرات 24 مارچ 2016 17:53

پشاور۔24 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24 مارچ۔2016ء )صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر زکوة ، اوقاف ومذہبی امور حاجی حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ جب تک دینی مدارس کے نصاب میں عصری علوم کو شامل نہیں کیاجاتا تب تک بامقصد اوربامعنی تعلیم کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا جاسکتا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ضلع بونیر میں ”کوگا چملہ“ کے مقام پر نوتعمیر ماڈل دینی مدرسہ کی عمارت اورکلاسوں کے اجراء کے موقع پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حاجی حبیب الرحمن نے کہا کہ ماڈل دینی مدارس کا قیام ان کا ایک دیرینہ خواب ہے اور بونیر میں دینی مدرسہ کی تعمیر ان کے خواب کی ایک کڑی ہے اورانشاء اللہ مستقبل میں دیگر اضلاع میں ماڈل دینی مدارس کی تعمیر کاآغاز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ دینی مدارس کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنا ازحد ضروری ہے کیونکہ جدید ٹیکنالوجی ،سائنس اوردیگر عصری علوم کاحصول اسلامی تعلیمات کی روشنی میں مسلمانوں پر فرض ہے۔

علم مسلمانوں کی میراث ہے چاہئے وہ دینی ہوکہ عصری ۔انہوں نے ماڈل دینی مدرسہ کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ نوتعمیر درس گاہ میں طلباء اورطالبات دونوں علم کے زیور سے آراستہ کیا جائیگااور ضرورت اس امر کی ہے کہ والدین اپنے بچوں اوربچیوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں داخلہ دلوائیں تاکہ مطلوبہ مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں