گورنر خیبر پختونخوا نے صوبے کی 4 شخصیات کو متعلقہ شعبوں میں مثالی خدمات پر سول اعزازت سے نوازا

بدھ 23 مارچ 2016 22:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 مارچ۔2016ء ) گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے بدھ کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں یوم پاکستان 23 مارچ پر منعقدہ ایک پر وقار تقریب میں صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ممنون حسین کی جانب سے صوبے کی 4 شخصیات کو اپنے متعلقہ شعبوں میں مثالی خدمات سرانجام دینے پر سول اعزازت سے نوازا۔تقریب تقسیم سول اعزازات میں افغانستان اور ایران کے کونسل جنرل، صوبائی وزراء ، صوبے اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنت اعلیٰ سول وفوجی حکام اور اعزازات وصول کرنے والی شخصیات اور ان کے عزیز واقارب نے شرکت کی ۔

صوبے بھر سے سول اعزازات وصول کرنے والوں میں پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان، وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی نے تعلیم کے شعبے میں اپنی بے مثال خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز وصول کیا۔

(جاری ہے)

صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی ( پرائڈ آف پرفارمنس ) وصول کرنے والی شخصیات میں افتخار حسین(شعبہ آ رٹس) اور منصور زمان (شعبہ کھیل) شامل ہیں۔ جبلہ تعلیم کے شعبے میں مثالی خدمات سر انجام دینے پر ڈاکٹر ظفر اقبال نے تمغہ امتیاز وصو ل کیا۔

بعد ازاں گورنر اقبال ظفر جھگڑا تقریب کے شرکاء سے گھل مل گئے اور اعزازات حاصل کرنے والی شخصیات کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں مبارکباد بھی دی۔اس موقع پر گورنر نے تحریک پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ 23 مارچ ہمارے لئے تاریخی اہمیت کا حامل ہے جس دن برصغیر کے مسلمانوں نے نظریاتی بنیادوں اورا یک عظیم مقصد کے حصول کی خاطر بے خوف، غیرمتزلزل اور پرعزم جدوجہد کے ساتھ علیحدہ وطن کے حصول کیلئے منزل کا تعین کیا۔

انہوں نے مزید کہاکہ ملکی امن واستحکام ، تعمیروترقی اور اس قوم کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے ہمیں بحیثیت قوم اپنی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنی ہوگی اور اپنی صفوں میں مکمل اتحاد، یگانگت اور یک جہتی کا مظاہرہ کرناہوگا اور یہ عہدکرناہوگاکہ وطن عزیز کے بہتر مستقبل کے حصول کیلئے مکمل طور پر محفوظ ، مضبوط اور خوشحال قوم کا مقصد حاصل کرنے کیلئے کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔

اس موقع پر گورنر نے تمام ہم وطنوں کو بالعموم اور خیبرپختونخوا اور فاٹا کے غیور عوام کو بالخصوص اس موقع پر مبارکباد پیش کی اور تاکید کی کہ اپنی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ملکی امن واستحکام اور تعمیروترقی کو یقینی بنانے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد امن وہم آہنگی اور یگانگت کی فضاء برقرار رکھناضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی درحقیقت تحریک پاکستان کے ہیروز اور آزادی جیسے عظیم مقصد کیلئے دی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہتر طریقہ بھی ہے جنہوں نے ہمارے بہترمستقبل کیلئے اپنا آج قربان کیا گورنر نے کہا کہ ہم تاریخ کے نازک ترین دور سے گزررہے ہیں اور اب اﷲ کے فضل وکرم سے قوم ، افواج پاکستان اور ہماری سیکورٹی فورسز کی قربانیوں سے ملک میں امن واستحکام لوٹ آیا ہے اورہم تعمیروترقی کے سفر پرگامزن ہیں تاہم پائیدار امن کے قیام اور ملکی تعمیروترقی کو یقینی بنانے کیلئے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا بھی احساس کرناہوگا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں