پشاور‘ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں پلاسٹک سرجنوں کا کامیاب آپریشن، نوجوان کا کٹا ہاتھ جوڑ دیا

منگل 22 مارچ 2016 12:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 مارچ۔2016ء) پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں پلاسٹک سرجنوں کا کامیاب آپریشن، نوجوان کا کٹا ہاتھ جوڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے بوڑھی والدہ کے واحد سہارے ودان خان کا ہاتھ کارخانے میں کام کے دوران کٹ کر دو ٹکڑے ہو گیا مگر حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے پلاسٹک سرجن نے سرکاری اسپتال میں آپریشن کر کے اس کے کٹے ہاتھ کو دوبارہ سے جوڑ دیا۔

اورکزئی ایجنسی کے نوجوان خان ودان کو فوم کے کارخانے میں ملازمت مہنگی پڑ گئی۔ کام کے دوران اس کا ہاتھ مشین میں آگیا اور ایک ٹکڑا مکمل طور پر الگ ہو گیا۔ بروقت حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پہنچا تو پلاسٹک سرجنوں نے فوری طور پر آپریشن کر کے کاٹا ہوا ہاتھ دوبارہ جوڑ دیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نہ صرف تمام اعصابی ریشوں کو جوڑنے میں کامیاب ہو گئے بلکہ ہڈیوں کو بھی کامیابی کے ساتھ جوڑ دیا۔

دس گھنٹے کی کامیاب سرجری کے بعد ہاتھ نے کام شروع کر دیا ہے مگر ڈاکٹروں کے بقول سہولیات کا فقدان محسوس کر رہے ہیں۔ پہلی کامیاب پلاسٹک سرجری کے بعد اب خان ودان جیسے بے شمار افراد کو معذوری سے بچانے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔سہولیات کی کمی کے باوجود جدید سرجری ڈاکٹروں کا بڑا کارنامہ ہے حکومت کو حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ اس شعبے کو سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دینی ہوگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں