حکومت بارشوں ،طغیانی سے متاثرہ افراد ،علاقوں کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے، سردار حسین بابک

حالیہ موسمی اثرات سے جانی نقصانات کے علاوہ لاتعداد مکانات ، فصلیں ،باغات بھی متاثر ہوئے، فوری سروے کر کے داد رسی ممکن بنائی جائے ،زخمیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں،رہنماء اے این پی

ہفتہ 19 مارچ 2016 20:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 مارچ۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے صوبے اور فاٹا میں حالیہ بارشوں ، طوفانوں اور طغیانی سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات پر دُکھ اور افسوس کاا ظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد اور متاثرہ علاقوں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا جائے جبکہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کیا جائیں۔

اے این پی سیکرٹریٹ سے جاریکردہ بیان میں اُنہوں نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے حکومت اور متعلقہ اداروں کو ہنگامی سطح پر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکے اور متاثرین کی بروقت داد رسی کو ممکن بنایا جائے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران صوبے اور فاٹا میں تقریباً دو درجن افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں جبکہ لاتعداد مکانات ، فصلوں باغات اور سڑکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

حکومت کو چاہیے کہ جانی اور مالی نقصانات اُٹھانے والوں کیلئے خصوصی پیکج کا اعلان کرے اور زخمیوں کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرے۔ اُنہوں نے کہا کہ نقصانات کے تخمینے اور جائزے کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو سروے کی ہدایت کی جائے تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف دی جا سکے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ جن علاقوں میں سیلاب کا خدشہ موجود ہے فوری طور پر وہاں پیشگی حفاظتی اقدامات کیے جائیں جبکہ ایک ایسی مستقل حکمت عملی بھی بنائی جائے جس کے ذریعے آئندہ کیلئے سیلاب کے خطرے کو ختم کیا جائے اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں