بیگناہ انسانوں کونشانہ بنانے والے دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں،مشتاق غنی

بس مردان سے پشاور آرہی تھی جس میں سرکاری ملازمین سوار تھے ۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے بس دھماکہ کی انکوائری کاحکم دے دیا ہے،ترجمان خیبرپختونخواحکومت

بدھ 16 مارچ 2016 18:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ اوراعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے پشاور کے پوش علاقے صدر میں بس دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ کاروائی قراردیا ہے۔ انہوں نے دھماکہ کے نتیجے میں بیگناہ انسانی قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنے دلی رنج وغم کااظہار کیاہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی معاون خصوصی اطلاعات فوری طورپر جائے حادثہ پہنچے اوروہاں موجود میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کونشانہ بنانے والے دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں جو کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بس مردان سے پشاور آرہی تھی جس میں سرکاری ملازمین سوار تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے بس دھماکہ کی انکوائری کاحکم دے دیا ہے ۔

مشتاق احمدغنی کاکہنا تھا کہ خیبرپختونخوا فاٹا سے منسلک ہونے کی وجہ سے براہ راست دہشت گردی کی زد میں ہے جس سے نجات دلانے کے لئے فوری طورپروفاق صوبہ کو فرنٹیئر کانسٹیبلری کی خدمات صوبے کے حوالے کرے تاکہ ایف سی اہلکاروں کوان کی اصل ڈیوٹی کے لئے فاٹا اورخیبرپختونخوا کی سرحدوں کی حفاظت پر تعینات کیاجاسکے۔بعد ازاں معاون خصوصی اطلاعات نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاورکادورہ کیا اوربس دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی ۔

انہوں نے اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت کے مطابق زخمیوں کو ہرممکن بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔انہوں نے اس موقع پر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے دھماکہ میں جاں بحق افراد کی مغفرت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں