نیب کو میٹروبس اور ورنج لائن ٹرین منصوبے میں گھپلوں کی تحقیقات کرنی چاہئیں وزیراعظم خود کرکٹ کے سرپرست اعلیٰ بن گئے، سفارش کلچرسے کرکٹ کو برباد کر دیا گیا، شریف برادران کی بادشاہت کا وقت اب ختم ہوگیا، بھارت میں اگر کسی سیاسی پارٹی پر آئی ایس آئی سے فنڈ لینے کا الزام لگے تو وہ 2گھنٹے بھی نہیں چل سکتی، مصطفی کمال کے الزامات کا مطلب ہے کہ ایم کیو ایم واقعی ’’را‘‘ سے مدد لیتی ہے

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا وزیر ا علیٰ خیبر پختونخوا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 5 مارچ 2016 18:32

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نیب کو میٹروبس اور ورنج لائن ٹرین منصوبے میں گھپلوں کی تحقیقات کرنی چاہئیں، وزیراعظم خود کرکٹ کے پیٹرن انچیف بن گئے، کرکٹ میں سفارش لا کر کرکٹ کو برباد کر دیا گیا،شریف برادران کی بادشاہت کا وقت اب ختم ہو گیا، انڈیا میں اگر کسی سیاسی پارٹی پر آئی ایس آئی سے فنڈ لینے کا الزام لگے تو وہ 2گھنٹے بھی نہیں چل سکتی، مصطفی کمال ایم کیو ایم کا قابل آدمی تھا، اس کا ایم کیو ایم کے خلاف بولنے کا مطلب ہے کہ ایم کیو ایم واقعی ’’را‘‘ سے مدد لیتی ہے۔

وہ ہفتہ کو پرویز خٹک کے ہمراہ پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے نیب کو دھمکی دی ہے، شریف برادران کوپیغام دینا چاہتا ہوں کہ ایک وقت تھا جب آپ اس ملک میں بادشاہت کر سکتے تھے مگر اب نہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ کرکٹ میں سفارشی بھرتی کر کے اسے برباد کر دیا گیا ہے، وزیراعظم خود کرکٹ کے پیٹرن انچیف بن گئے ہیں اور جس نے نگران وزیر اعلیٰ بن کے پنجاب میں دھاندلی کروائی اسے بورڈ آف گورننس کا ہیڈ بنا دیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ میں نے 7 سال پہلے کہا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد دہشت گرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو میٹرو بس سروس اور اورنج لائن ٹرین منصوبے پرگھپلوں کی تحقیقات کرنی چاہئیں، میگا پراجیکٹس دوگنی قیمتوں پر بنائے جا رہے ہیں ، حکمرانوں نے اونج لائن پر 200 ارب کا قرضہ لیا،شریف برادران نے جو ملک کیساتھ کیاوہ سب کے سامنے ہے،حکمران قومی دولت سے اپنی تشہیر پر کروڑوں روپے خرچ کر رہے ہیں، جب میں بھارت میں ایک کانفرنس گیا تو پتہ چلا کہ وہاں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے سڑکوں پر الطاف حسین کے پوسٹر لگوائے ہوئے تھے، شریف خاندان صرف پیسے بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا باؤلنگ اٹیک سب سے بہترین ہے، اگر بیٹنگ میں تھوڑی بہتری لاتے تو ورلڈ کپ میں اچھا کھیل پیش کر سکتے ہیں، جب سے سفارشی آئے ہیں، میں نے کرکٹ دیکھنی چھوڑ دی ہے۔ انہوں ن ے کہا کہ مصطفی کمال کے الزامات پر جوڈیشل کمیشن بنا یا جائے۔ مصطفی کمال ایم کیو ایم کا قابل بھروسہ آدمی تھا، اس کے بیان سے سچ سامنے آ رہا ہے، مصطفی کمال پہلے ایم کیو ایم کا جانشین بتایا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے سب سے پہلے کہا کہ الطاف دہشت گرد ہے اور اس پر 234 کیس ہیں، ایم کیو ایم دہشت گردی میں ملوث ہے اور اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ عمران خان نے انکشاف کیا کہ ایک بھارتی صحافی نے انہیں بتایا تھا کہ بھارت میں الطاف حسین کے پوسٹر ’’را‘ کے کہنے پر لگائے گئے تھے۔(اح)

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں