محکمہ پولیس کو حقیقی معنوں میں ایک فورس بنا دیا ہے،،مشتاق احمدغنی

ماضی میں یہی پولیس،وزراء اور سیاسی شخصیات کے گھروں کاطواف کرتی تھی،معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا

جمعرات 3 مارچ 2016 22:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ و اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے محکمہ پولیس میں سیاسی مداخلت کا مکمل خاتمہ کر کے حقیقی معنوں میں اس کو ایک فورس بنا دیا ہے جبکہ ماضی میں یہی پولیس،وزراء اور سیاسی شخصیات کے گھروں کاطواف کرتی تھی۔

موجودہ وقت میں اس کی بہترین کارکردگی سے حکومت کی نیک نامی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ محکمہ پویس کو عصر حاضرکے تقاضوں کے مطابق استوار کرنے کیلئے بجٹ کا بڑا حصہ خرچ کیاجا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کے روزنوشہرہ میں بارودی موادکوضائع کرنے کے حوالے سے قائم محکمہ پولیس کے تربیتی سکول کے دورے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے صوبے کے تمام اضلاع بشمول پشاور ،کوہاٹ،سوات ،دیر،چترال،کوہستان،ہری پور اورایبٹ آباد سے بارودی مواد کو ضائع کرنے سے متعلق ورکشاپس میں حصہ لینے والے ایس ڈی پی اوزاور ڈی ایس پیزمیں تعریفی اسنادتقسیم کیں۔علاوہ ازیں معاون خصوصی اطلاعات کو مذکورہ سکول میں بارودی موادضائع کرنے سے متعلق جدید آلات کے استعمال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

ڈی ایس پی وقار احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ سکول ملکی تاریخ کابہترین ادارہ ہے اس کا اعزازاس حکومت کوجاتا ہے جہاں باقاعدہ طور پرجدید آلا ت بشمول روبوٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے بارودی مواد کو ضائع کرنے کے تربیتی کورسزاور ورکشاپس منعقدکی جاتی ہیں جوکہ دہشتگردی کے واقعات روکنے میں کافی مدد گار ثابت ہورہی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشتاق احمد غنی کاکہناتھا کہ موجودہ حکومت پولیس سمیت تمام اداروں میں اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

ماضی کی اور آج کی پولیس میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ محکمہ پولیس امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے سے متعلق دہشتگردی کے خلاف جنگ اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے میں فرنٹ لائن پر ہے اور اس ضمن میں پولیس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت محکمہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید نکھارلانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے جسکی عمدہ مثال صوبے میں جدید طرزپر مبنی پولیس تربیتی مراکزاور سکولوں کاقیام ہے۔

اس وقت صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت نوشہرہ،صوابی،مردان،کوہاٹ،سوات اور ایبٹ آباد میں پولیس اہلکاروں کو جدیدٹیکنالوجی کی مددسے تربیت فراہم کی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ پولیس بغیر کسی دباؤ کے اپنے فرائض بخوبی سر انجام دے رہی ہے۔ تقریب کے ا ختتام پر معاون خصوصی اطلاعات و بم ڈسپوزل سکواڈ اور روبوٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے بارودی مواد کی نشاندہی کے بعد اسے ضائع کرنے کاعملی نمونہ دکھایاگیا۔مشتاق احمدغنی نے سکول میں پولیس شہداء کی یادگار پر فاتحہ خوانی بھی کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں