خواتین کو تعلیم یافتہ کئے بغیر ترقی وخوشحالی کاحصول ناممکن ہے،مشتاق غنی

تعلیم یافتہ خواتین معاشرے میں مثبت تبدیلیوں ،ملک وقوم کی ترقی میں بنیادی کردار کی حامل ہیں تعلیم یافتہ خواتین معاشرے میں مثبت تبدیلیوں ،ملک وقوم کی ترقی میں بنیادی کردار کی حامل ہیں،وزیراطلاعات خیبرپختونخوا

پیر 29 فروری 2016 19:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ اوراعلیٰ تعلیم مشتاق احمدغنی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تعلیم نسواں پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ تعلیم یافتہ خواتین معاشرے میں مثبت تبدیلیوں اورملک وقوم کی ترقی میں بنیادی کردار کی حامل ہیں۔ ان خیالات کاظہار انہوں نے پیر کے روز شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی اورریاست ہائے متحدہ امریکہ کے باہمی تعاون سے انگریزی زبان تک رسائی کی مائیکرو سکالر شپس پروگرام کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

مذکورہ پروگرام دو سال کے عرصہ پر محیط ہے جس میں 13 سے 20 سال کے عمر کی طالبات کا انگریزی زبان میں مہارت کے لئے انتخاب کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

پروگرام کامقصد طالبات کو انگریزی زبان میں عبور حاسل کرانے کے ساتھ ان کی اعلیٰ تعلیم کے لئے استعدار میں اضافہ اورامریکہ سمیت دیگر بیرون ممالک میں سکالر شپس کاحصول ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کاکہنا تھا کہ خواتین کو تعلیم یافتہ کئے بغیر ترقی وخوشحالی کاحصول ناممکن ہے۔

خواتین معاشرے کاایک طاقتور حصہ ہیں جن کی بدولت کسی بھی قوم اوملک کواپنے مقاصد کی تکمیل میں مدد حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی ترقی میں خواتین کی تعلیم اہم کردار ادا کرتی ہے اور اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ صوبائی حکومت صوبہ کی بچیوں کے لئے نئے گرلز کالجز اور اعلیٰ جامعات قائم کررہی ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت تعلیم سب کے لئے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور اس ضمن میں صوبہ میں بلاامتیاز تعلیمی شعبہ میں قابل قدر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

مشتاق احمدغنی نے خواتین کی تعلیم میں شہید بینظیر بھٹو وویمن یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے فیکلٹی ارکان اوریونیورسٹی انتظامیہ کو مزید محنت اورلگن سے اپنے فرائض کی انجام دہی کے ساتھ تحقیقی شعبہ میں خدمات کادائرہ کار وسیع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ اعلیٰ جامعات کابنیادی کام تحقیق کرنا ہے جس پر خاطرخواہ توجہ نہیں دی جاتی ہے ۔

تقریب کے اختتام پر معاون خصوصی اعلیٰ تعلیم نے 100 طالبات میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ تقریب میں وائس چانسلر شہیدبے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی ڈاکٹر رضیہ سلطانہ اور پروگرام فوکل پرسن سیف اﷲ خان بھی موجود تھے جبکہ انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کے ذریعے براہ راست قونصل جنرل امریکہ ولیم مارٹن ،ریجنل انگلش لینگویج آفیسر جنیفر مک آرتھر نے بھی پروگرم میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں