بدعنوانی نے ملک کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے ،نوجوانوں میں مایوسی اور اضطراب بڑھ رہاہے ، میرٹ کا فقدان ہے اور قوم پر مسلط مخصوص خاندان امیر تر ہورہے ہیں

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کاصوبائی رضاکار کنونشن سے خطاب

پیر 29 فروری 2016 18:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 فروری۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بدعنوانی نے ہمارے ملک کو تباہی کے دھانے پر لاکھڑا کیا ہے ،نوجوانوں میں مایوسی اور اضطراب بڑھ رہاہے ، میرٹ کا فقدان ہے اور قوم پر مسلط مخصوص خاندان امیر تر ہورہے ہیں ، ایسے میں الخدمت فاؤنڈیشن کے باہمت اور پرعزم رضاکاروں کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ معاشرے کے پسے ہوئے نادار اور بے سہارا طبقے کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنا مثبت اور تعمیر ی کردار ادا کریں۔

وہ پیر کو اوقاف ہال پشاور میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت پہلے صوبائی رضاکار کنونشن سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے ۔ کنونشن کی صدارت الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی صدر میاں عبدالشکور نے کی جبکہ کنونشن سے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان ، صوبائی صدر نورالحق ، نائب امیر صوبہ مولانا محمد اسماعیل نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ الخدمت کے رضاکاروں نے گزشتہ ڈیڑھ عشرے کے دوران زلزلہ، سیلاب، بم دھماکو ں اور دیگر قدرتی سانحات کے دوران بے لوث خدمت انسانیت کی ایک ایسی لازوال تاریخ رقم کی ہے کہ جس کی حقیقت سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الخدمت کے رضاکاروں نے خدمت خلق کے شعبے میں امانت اور دیانت کے کلچر کو پروان چڑھایا اور یہی وجہ ہے کہ مخالفین بھی اس حقیقت کو تسلیم کررہے ہیں کہ اگر وطن عزیز میں دکھی انسانیت کی حقیقی معنوں میں کوئی خدمت کررہاہے تو وہ الخدمت کے باہمت رضاکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک او رقوم کو درپیش مسائل سے نجات مخلص رضاکار اور دیانتدار قیادت ہی دلا سکتی ہے۔ جس کے لیے اجتماعی جدوجہد وقت کا تقاضاہے ۔ کنونشن میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی بانی صدر شبیر احمد خان ، سابق صوبائی صدر ڈاکٹر محمد اقبال خلیل ، صوبائی جنرل سیکرٹری شاکر صدیقی، نائب صدور ریاض خان ، خالد وقاص چمکنی سمیت صوبہ بھر سے آئے ہوئے ضلعی صدور اور رضاکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں