شوال آپریشن میں شہید ہونیوالے کیپٹن عمیر سمیت چاروں شہداء کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی‘آرمی چیف کی شرکت

دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں ‘دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو ختم کر کے دم لیں گے‘جنرل راحیل شریف

اتوار 28 فروری 2016 12:39

پشاور/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 فروری۔2016ء) شوال میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے کیپٹن عمیر سمیت پاک فوج کے چار شہداء کی نماز جنازہ کور ہیڈکوارٹرز پشاور میں ادا کی گئی‘ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف اتوار کی صبح نماز جنازہ میں شرکت کیلئے پشاور پہنچے-نماز جنازہ میں سینئر سول وفوجی حکام شہداء کے عزیز واقارب اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی-چیف آف آرمی سٹاف نے شہداء کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیاان کیلئے فاتحہ خوانی کی اور بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر کی دعا کی-آرمی چیف نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے فوجیوں کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ پشاور کا بھی دورہ کیا -بعد ازاں جنرل راحیل شریف نے کور ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ کیا جہاں انہیں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن کی طرف سے شوال میں جاری آپریشن پر تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی-آرمی چیف نے پاک افغان سرحد کے قریب شوال کے مختلف کونوں کھدروں میں چھپے ہوئے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے آپریشن پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا -پاک فوج کے سربراہ نے فوجیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آپریشن میں شریک فوجیوں کے حوصلے اور مشکل پہاڑی علاقے میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا-انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں اور ملک کے کونے کونے سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو ختم کر کے دم لیں گے-واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک افغان سرحد کے قریب شوال میں پاک فوج کے کیپٹن عمیر ‘حوالدار حاکم‘ سپاہی حمید اور راشد نے جام شہادت نوش کیا تھا-پاک فوج کے شہداء نے اپنی جانیں قربان کر دیں لیکن دہشت گردوں کو فرار نہیں ہونے دیا-

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں