سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر صوبائی حکومت 10ارب روپے خرچ کرر ہی ہے،محمدعاطف

مارچ کے پہلے ہفتے تک صوبے میں 26ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی ہو جائیں گے جس سے سکولوں کی کارکردگی میں بہتری آئیگی،وزیرتعلیم خیبرپختونخوا

جمعہ 26 فروری 2016 21:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 فروری۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہاہے کہ سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر صوبائی حکومت 10ارب روپے خرچ کرر ہی ہے۔مارچ کے پہلے ہفتے تک صوبے میں 26ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی ہو جائیں گے جس سے سکولوں کی کارکردگی میں بہتری آئیگی۔وہ مردان بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک اورایف اے ،ایف ایس سی سال 2015کے پوزیشن ہولڈرز میں گولڈ میڈلز اور ستوری دا پختونخواپروگرام کے تحت سکالرشپس کے چیکس تقسیم کرنے کے موقع پر تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

تقریب سے بورڈ کے چیئرمین مشتاق احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔جبکہ اس موقع پر بورڈ کے سیکرٹری طارق جان اور کنٹرولر امتحانات شوکت حیات بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم نے پوزیشن ہولڈرز طلباء اور انکے والدین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ طلباء ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔محمد عاطف خان نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبائی حکومت بجٹ کا سب سے زیادہ حصہ تعلیم پر خرچ کر رہی ہے۔

صوبے کے 10ہزار پرائمری سکولوں میں سے 2600سکولوں میں جون 2016تک پلے ایریا مکمل کئے جائیں گے جس سے بچے تعلیم کی جانب راغب ہو سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے پچھلی بجٹ میں مقرر ہ ہدف سے زیاد ہ حصہ خرچ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ سال 2015 میں ساڑھے 6ہزار سکولوں میں چاردیواری ،ساڑھے4ہزار سکولوں میں بنیادی سہولیات مہیا کی ہے۔

اور سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی پر2ارب اور13کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی بورڈز میں کمپیوٹرائزیشن سے بھی لوگوں کو آسانی میسر آئے گی ۔محکمہ تعلیم میں آئی ایم یو یونٹ سے حاضریاں یقینی بنائی ہے۔محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ معاشرے میں احتساب کے عمل سے صوبہ ترقی کر ے گا۔ جس معاشرے میں انصاف نہ ہو وہ ترقی نہیں کرسکتا۔

اداروں میں بھی اصلاحات کر رہے ہیں جس سے واضح طور پر تبدیلی محسوس کی جائیگی۔اس موقع پربورڈ کے چیئرمین مشتاق احمدنے صوبائی وزیر تعلیم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ بورڈ میں کمپیوٹرائزیشن کی جارہی ہے اور بہت جلد عوام تبدیلی محسوس کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات میں اساتذہ کی ڈیوٹیاں میرٹ پر لگائی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پرچوں کی مارکنگ کے لئے خصوصی سنٹرز بنائے گئے ہیں جس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سے نگرانی کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مردان بورڈ کے زیر اہتمام جماعت پنجم کا امتحان جواین ٹی ایس کے طرز پر ہوگا 2مارچ سے شروع ہو کر5مارچ تک جاری رہے گا تقریب کے آخر میں چیئرمین بورڈ نے صوبائی وزیر تعلیم کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں