ممبران اسمبلی کی استعدادکاربڑھانے کی غرض سے ورکشاپس کی مرحلہ وار نشستیں اختتام پذیر

کاوش قانون سازی کے عمل کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی ،انیسہ زیب طاہر خیلی

ہفتہ 20 فروری 2016 19:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔20 فروری۔2016ء) خیبرپختونخوااسمبلی کے ممبران اورافسران کی استعدادکار کوبڑھانے کی غرض سے مری بھوربن میں منعقدہ مرحلہ وار ورکشاپس اختتام پذیر ہوگئیں جن میں مختلف ماڈیولزکے تحت اسمبلی کے اراکین اورکے پی اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران کو اس سلسلے میں آگاہی دی گئی۔ منعقدہ ورکشاپس میں قانون کی عمل داری اورانسانی حقوق جبکہ اسمبلی کے کردار سے متعلق مختلف موضوعات پر تربیت اور آگاہی سے شرکاء کو روشناس کرایاگیا ۔

ان مرحلہ وار ورکشاپس کی اختتامی نشست میں خیبرپختونخواکی وزیر معدنیات ومحنت اورخیبرپختونخوا سمبلی کی سٹیرنگ کمیٹی برائے کیپسٹی بلڈنگ کی چیئر پرسن انیسہ زیب طاہر خیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے ممبران اوراسمبلی کے دیگر عملے کی کارکردگی کو فعال بنانے اوران کی استعدادکار کوبڑھانے میں مذکور ہ ورکشاپس اہمیت کی حامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کی افادیت سے ہمارے صوبے کے قانون ساز بھر پور فائدہ اٹھاکر اسمبلی کے اندر بہترطریقے سے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کاوش قانون سازی کے عمل کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر ممبران اسمبلی کی استعدادکارکوبڑھانے کی غرض سے مذکورہ ورکشاپس سے مرحلہ وار نشستیں منعقدکرانے میں تعاون کی فراہمی پر عالمی ادارے یو این ڈی پی کا شکریہ اداکرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کہا کہ آئندہ بھی عالمی ادارہ اپنے معاونت کی فراہمی برقرار رکھے گا ۔

واضح رہے کہ چار روزہ ورکشاپس کی پہلے تین روزہ نشستوں کی صدارت صوبائی وزیر معدنیات انیسہ زیب طاہر خیلی نے کی جبکہ ورکشاپس میں اسمبلی ممبران کے علاوہ مختلف سیاسی اکابرین واسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران اور یو این ڈی پی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں