گورنرہاؤس میں خیبرپختونخوا ،فاٹا میں امن وآمان بارے اعلی سطحی اجلاس

صوبے ،فاٹامیں امن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ، امن برقراررکھنے ،تخریب کاری، بھتہ خوری کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی ،موثر اقدامات پرغورکیاگیا امن وامان و استحکام کی خاطرسیکورٹی فورسز، پاک فوج، پولیس ،لیویز ، خاصہ دار کے شانہ بشانہ عوام نے بھی بے پناہ قربانیاں دی ہیں،اسدقیصر

بدھ 17 فروری 2016 20:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 فروری۔2016ء) خیبرپختونخوا کے قائمقام گورنر اسد قیصر کی صدارت میں گورنرہاؤس پشاور میں صوبے اورفاٹامیں امن وامان کے حوالے سے ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اس اہم اجلاس میں صوبے کے وزیراعلی پرویز خان خٹک ، چیف سیکرٹری امجدعلی خان، آئی جی پولیس ناصر خان درانی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا محمد اسلم کمبوہ، سیکرٹری داخلہ منیراعظم ، کمشنرپشاورڈاکٹرمحمدفخرعالم، صدر خیبرپختونخوا چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری ذوالفقارعلی خان، سابق صدر کے پی سی سی آئی زاہد شنواری ، ڈپٹی کمشنر پشاور ، پولیٹیکل ایجنٹس سمیت صنعتکاروں اوردیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے اورفاٹامیں امن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا اور امن وامان کو برقراررکھنے سمیت تخریب کاری اور بھتہ خوری کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی اور موثر اقدامات پرغورکیاگیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی جس پراطمینان کا اظہارکرتے ہوئے بعض ضروری اقدامات اٹھانے کافیصلہ کیاگیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائمقام گورنر نے کہاکہ دفاع وطن اور امن وامان و استحکام کی خاطرسیکورٹی فورسز، پاک فوج، پولیس ،لیویز ، خاصہ دار کے شانہ بشانہ عوام نے بھی بے پناہ قربانیاں دی ہیں جنہیں فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ قبل ازیں گورنرنے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے دہشت گرد ی کے خلاف جنگ اور امن وامان واستحکام کی خاطر سیکورٹی فورسز اور پولیس کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے کردار کو سراہااور اس عزم کا اظہارکیا کہ صوبے اورفاٹامیں امن وامان کو یقینی بنایاجائیگا اور تخریب کا ری کا مکمل خاتمہ کیاجائیگا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں