امن جرگہ خیبر پختونخوا میں قیام امن کے لئے ہر قسم کی قربانی دے گی،سید کمال شاہ

پشاور کو دہشت گردوں،اغواء کاروں ، بھتہ خوروں، سود خوروں اور لینڈ مافیا نے نرغے میں لے رکھا ہے،امن جرگہ

پیر 15 فروری 2016 20:29

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 فروری۔2016ء) امن جرگہ خیبر پختونخوا میں بالعموم اور پشاور میں بالخصوص قیام امن کے لئے ہر قسم کی قربانی دے گی۔ ان خیالات کا اظہار امن جرگہ خیبر پختونخوا کے چیئرمین سید کمال شاہ نے امن جرگہ پشاور کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت مولانا انور شاہ المعروف مولانا بجلی گھر ثانی کر رہے تھے۔

اس موقع پر نشتر خان، ارشد منان یوسفزئی اور سردار آصف بھی موجود تھے۔ سید کمال شاہ نے کہا کہ پشاور کو دہشت گردوں،اغواء کاروں ، بھتہ خوروں، سود خوروں اور لینڈ مافیا نے نرغے میں لے رکھا ہے۔ اور اس کا ثبوت حالیہ ٹارگٹ کلنگ ہے جس میں تاجروں کے بانی رہنما حاجی حلیم جان کی شہادت بھی شامل ہے۔ سید کمال شاہ نے وفد کو یقین دلایا کہ ضلع مردان کی طرح ضلع پشاور کے عوام کو ترجیحی بنیادوں پر منظم کرکے دہشت گردوں، اغواء کاروں، بھتہ خوروں، سود خوروں اور لینڈ مافیا جیسے سماج دُشمن عناصر کے خلاف امن جرگہ کے کارکن ہر قسم کی قربانی دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پشاور کے گیارہ صوبائی حلقوں سمیت بہانوے یونین کونسلز میں مارچ کے مہینے کے آخر تک تنظیم سازی مکمل ہو جائے گی۔ عوام کو منظم کرنے کے علاوہ قیام امن کی بحالی کا کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں کیونکہ سالہا سال سے جاری آپریشنوں سے بہتری آنے کی بجائے حالات ابتر سے ابتر ہو چکے ہیں۔ اور عوام پریشان ہیں کہ اُن کا اور اُن کے بچوں کے مستقبل کا کیا بنے گا جو کہ بذات خود نہ صرف حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے بلکہ بہت بڑا سوال ہے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں