خیبرپختونخوا حکومت کے زیر اہتمام 22فروری سے شروع ہونے والی گیمز کیلئے 7کروڑ 40لاکھ کا بجٹ مختص

جمعہ 12 فروری 2016 16:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء ) محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام 22فروری 2016سے صوبہ میں شروع ہونے والی خیبرپختونخوا گیمز کیلئے 7کروڑ 40لاکھ کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جبکہ گیمز کے افتتاح سے قبل ٹرافی اور رونمائی کی تقاریب کا سلسلہ صوبہ کے مختلف ڈویژن میں جاری ہے ۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کونسل ہال ڈیرہ اسماعیل خان میں رونمائی تقریب منعقد ہوئی اس موقع پر کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈاکٹر اختر وزیر وڑائچ مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر نثار احمد ، تحصیل ناظم عمر امین گنڈاپور ضلع ناظم نواب زادہ عزیز اللہ خان علی زئی، ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس وسیاحت عادل صافی ، ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر امیر زاہد شاہ، طلباء سمیت کھلاڑیوں کی کثیر تعداد موجود تھیں، محکمہ کھیل خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام چھ ڈویژن میں رونمائی کے بعد آخری تقریب 16فروری کو قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ہوگی جبکہ اس کے بعد تمام ڈویژن میں کھلاڑیوں کے اوپن ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سیکرٹری سپورٹس عادل صافی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹرافی اور لوگو کی رونمائی کا مقصد تمام کھلاڑیوں کو ان گیمز کی آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ ہر ڈسٹرکٹ سے اگر کھلاڑی ہے تو ان گیمز میں شرکت کرے اور خود کو ثابت کرے ، صوبائی حکومت کھلاڑیوں کو کھیلوں کے میدانوں سمیت گیمز کی سہولیات بھی فراہم کریگی جس میں ٹرائلز کے مکمل ہونے کے بعد ٹیموں کے بننے کے ساتھ ہی کھیلوں کا سامان میسر کر دیا جائے گا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ ڈاکٹر اختر وزیر وڑائچ نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل کی انتظامیہ انڈر23گیمز سے قبل کھلاڑیوں کا مکمل دستہ تیار کریگی اور کھلاڑیوں کو مکمل سپورٹ کیا جائے گا تاکہ گیمز کی میجر ٹرافی ڈیرہ میں لائی جائے ، کھلاڑی اپنی تیاری مکمل کریں انتظامیہ مکمل ساتھ دے گی ۔ ڈیرہ میں کھلاڑیوں اور ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ،محکمہ کی جانب سے کھیلوں کا انعقاد اور انکی ایسے طریقے سے سرپرستی احسن اقدام ہے جس سے کھلاڑیوں کو کافی حد تک سپورٹ ملے گا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں