صوبہ اور پختونوں کے حقوق و تحفظ کو فرض اولین سمجھتے ہیں ،سکندرشیرپاؤ

عوام غربت و افلاس ،بیروزگاری کے خاتمے ، بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے قومی وطن پارٹی کا ساتھ دیں،سینئروزیرخیبرپختونخوا

جمعرات 11 فروری 2016 17:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 فروری۔2016ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین وسینئر صوبائی وزیر سکندر حیات خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ صوبہ اور پختونوں کے حقوق و تحفظ کو فرض اولین سمجھتے ہیں اور اس کازکویقینی بنانے کیلئے عملی کوششیں کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے شیرپاؤ ضلع چارسدہ میں سابق گورنر خیبر پختونخوا شہید وطن حیات محمد خان شیرپاؤ کی آنے والی برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں حلقہ پی کے21کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرجے یو آئی یونین کونسل زیم کے امیر حاجی سلیم الدین،جماعت اسلامی یونین کونسل آبازئی کے یاسر جان اور ویلج کونسل مرزاڈھیر کے جنرل کونسلر سیارگل خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مقررین نے شہید لیڈر حیات محمد خان شیرپاؤ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے نہ صرف غریب اور پسے ہوئے طبقات میں سیاسی شعور اجاگر کیابلکہ انھیں اس قابل بنایا کہ وہ اپنے حق کیلئے آواز بلند کرسکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ ہمارا مشن پسماندگی ،غربت و افلاس اور بے روزگاری کا خاتمہ ہے اوردنیا بھرمیں پختونوں کی امیج جوکہ امن پسند اور محب وطن ہے کوابھارنا ہے اور اس کاز کے حصول کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے حیات محمد خان شیرپاؤ شہید نے جام شہادت نوش کیا انھوں نے کہا کہ شہید لیڈر کی شہادت کے بعد غریب عوام کے حقوق کامشن پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپاؤنے جاری رکھا ہوا ہے اور بڑی کامیابی کے ساتھ اس مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عوام غربت و افلاس اور بے روزگاری کے خاتمے اوربنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے قومی وطن پارٹی کا ساتھ دے اور پارٹی قائدین کے ہاتھ مزید مضبوط کئے جائیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ہماری سیاست کا محور پختون قوم کی ترقی اور خیبر پختونخوا کی حفاظت ہے اور اس مقصد کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔اس موقع پرقومی وطن پارٹی کے رہنماؤں محمد جان گیگیانی،حامد خان ترنگزئی،پیر رحمان اﷲ،مفتی افتخار،شمشاد خان،حاجی ذاکر خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں