بازاربزازان پیپل منڈی سے غیر قانونی گدھا اور گھوڑا گاڑیوں ‘ہتھ ریڑیوں اور غیر قانونی سوزوکی سٹینڈوں کو ختم کرنے کا مطالبہ

جمعرات 11 فروری 2016 12:15

پشاور۔11 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 فروری۔2016ء)پیس گڈز ٹریڈ گروپ پیپل منڈی بازار بزازان کااجلاس صدر طلاء محمد چین موج کی زیر صدارت گزشتہ روز منعقد ہوا ‘ جس میں سرپرست اعلیٰ حاجی طاہر صدیقی ‘ چیئرمین عابد ندیم ‘ جنرل سیکرٹری کاشف مجید‘ نائب صدر پرویز مسعود اور دیگر عہدیداروں اور ارکان نے شرکت کی‘ اجلاس میں تھانہ کابلی پولیس ‘ٹریفک پولیس اور میونسپل کارپوریشن پشاور کی جانب سے تاجروں کے بڑھتے ہوئے مسائل پر مسلسل خاموشی اختیار کرنے کی روش پر تشویش کااظہار کیاگیااور ضلعی ناظم اعلیٰ ارباب عاصم خان ‘ سی سی پی او ‘ ٹریفک ایس ایس پی پشاوراور محکمہ ٹیلی فون پشاور کے مقدر حکام سے مطالبہ کیاگیا کہ بازار بزازان پیپل منڈی چوک سے سڑک کے عین وسط میں نصب ٹیلی فون کا بوتھ فوری طورپر ہٹاکر ٹریفک میں حائل روکاٹ دورکیاجائے‘اجلاس میں بازاربزازان پیپل منڈی سے غیر قانونی گدھا اور گھوڑا گاڑیوں ‘ہتھ ریڑیوں اور غیر قانونی سوزوکی سٹینڈوں کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیاگیا‘اجلاس میں کہاگیاکہ مذکورہ بالا مسائل کی وجہ سے راہ گیروں ‘خواتین‘ طلبہ وطالبات اور دیگر شہریوں کو سخت مشکلات سے گزرنا پڑرہاہے اور تاجروں کاکاروبار بری طرح متاثر ہورہاہے‘ لہٰذا یہ مسائل فوری طورپر حل ہونے ناگزیر ہیں‘ بصورت دیگر تاجران احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں