پا کستان کو معاشی طور پر کمزور کرکے اس کا گھیراؤ کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں ،اس سے ہماری آزادی اور مستقبل کو خطرات لاحق ہیں ، علما اور دینی جماعتوں ان خطرات کا مقابلہ متحد ہوکر کریں ، غربت، مہنگائی ،کرپشن اور قرضے غریب عوام کو مشکلات کی دلدل میں پھینک رہے ہیں ، حکومت پہلے سنیماگھروں کو آباد کرنے کے بجائے زلزلہ میں متاثرہونے والے مساجد اور گھروں کو آباد کریں آئی ڈی پیز کو آباد کریں ،ہمارا ایجنڈا اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان ہے ، مدارس اور سکولز کے لیے یکساں نصاب ہوگا اور مسٹر اور ملا کا تفریق ختم کریں گے ، مساجد میں نماز پڑھانے والوں کو ڈاکٹر اور انجینئر کے برابر مراعات دیں گے

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق کا نفاذ اسلام کنونشن سے خطا ب

بدھ 10 فروری 2016 20:11

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 فروری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئین و جمہوریت کا تقاضاہے کہ جس مقصد کے لیے برصغیر کے لوگوں نے ہجرت کرکے پاکستان بنایا اس میں وہی نظام قائم ہو۔ہماری حکومت قائم ہوگی تو ہم مساجد میں نماز پڑھانے والوں کو ڈاکٹرز اور انجینئرز کے برابر تنخواہیں دیں گے ۔پا کستان کو معاشی طور پر کمزور کرکے اس کا گھیراؤ کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں جس سے ہماری آزادی اور مستقبل کو خطرات لاحق ہیں۔

علما اور دینی جماعتوں ان خطرات کا مقابلہ متحد ہوکر کریں۔ غربت، مہنگائی ،کرپشن اور قرضے غریب عوام کو مشکلات کی دلدل میں پھینک رہے ہیں ۔ پاکستان اس وقت جس بدامنی ، غربت ،جہالت ،لوڈشیڈنگ اور کرپشن کاشکار ہے وہ موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے ہے جنہوں نے اداروں کو تباہ کیاغریبوں کے ٹیکسوں کے پیسے لوٹ کر باہر کے بینکوں میں رکھے اور شہزادوں کی زندگی گزار رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی حکومت نے صوبے میں سنیماگھروں کو آباد کرنے کی بات کی ہے حکومت پہلے سنیماگھروں کو آباد کرنے کے بجائے زلزلہ میں متاثرہونے والے مساجد اور گھروں کو آباد کریں آئی ڈی پیز کو آباد کریں۔ ہم نے اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کا ایجنڈ ا دیا ہے اس میں ادنیٰ سے لے کر میٹرک تک تعلیم مفت ہوگی اور والدین پابند ہوں گے کہ اپنے بچوں کو تعلیم دلائیں جو والدین اپنے بچوں کو سکول نہیں بھیجیں گے ان والدین کو جیل بھجیں گے ۔

مدارس اور سکولز کے لیے یکساں نصاب ہوگا اور مسٹر اور ملا کا تفریق ختم کریں گے ۔مساجد میں نماز پڑھانے والوں کو ڈاکٹر اور انجینئر کے برابر مراعات دیں گے ۔وہ المرکز اسلامی پشاور میں نفاذ اسلام کنونشن سے خطا ب کر رہے تھے ۔ کنونشن سے امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان ، منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ مولانا عبید الرحمان عباسی ، عبدالاکبر چترالی ، امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور صابرحسین اعوان اور دیگر نے بھی خطا ب کیا ۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کرپٹ مقتدر طبقہ پی آئی اے،ریلوے،سٹیل ملز اور او جی ڈی سی ایل کی بندر بانٹ کے لیے تیار بیٹھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کہ اگر عوام بیدار نہ ہوئے تو ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف ہماری آزادی اور قومی غیرت پر حملہ آور ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان70ارب روپے کا مقروض ہے جو سود سمیت نوے ارب تک پہنچ جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوام کو کرپشن سے پاک پاکستان کا نعرہ دیا ہے۔ کرپشن سے پاک پاکستان کی تحریک عوام کی قسمت بدل دے گی ۔انھوں نے کہا کہ عوام کی قسمت پر مقتدر کرپٹ طبقے نے جو تالے لگائے ہیں اس کی چابی خود عوام کے پاس ہے۔ عوام بیدار ہوں گے تو یہ تالے خود بخود کھل جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کے تحت اسلامی حکومت قائم کریں گے تو مساجد میں نماز پڑھانے والوں کو خصوصی مراعات دیں گے کرپشن اور پروٹوکول کا پیسہ بچاکر تعلیم و علاج پر خرچ کریں گے ہرطالب علم کی ضروریات اور مریض کے تما م اخراجات حکومت پور اکرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں بچے گندگی کے ڈھیر سے رزق تلاش کر رہے ہیں جب کہ سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کے کتے ایئر کنڈیشن میں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ علماء کرام کرپشن سے پاک اسلامی پاکستان کے قیام کے لیے ہمارا ساتھ دیں اور اس جہاد میں منبر و محراب کو استعمال کریں ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں