دہشتگردی کیخلاف آپریشنز کی وجہ سے بے گھر ہونیوالے افراد کی بحالی اور علاقہ کی تعمیر نو کیلئے تمام رکاوٹیں دور کرینگے، جنرل راحیل شریف

قبائلی بھائیوں سے مل کر اس بات کویقینی بنائیں گے کہ دہشتگرد اور انکے سہولت کار علاقہ میں واپس نہ آسکیں ، آرمی چیف کا اپیکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

منگل 9 فروری 2016 18:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 فروری۔2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے دہشتگردی کیخلاف آپریشنز کی وجہ سے بے گھر ہونیوالے افراد کی بحالی اور علاقہ کی تعمیر نو کیلئے تمام رکاوٹیں دور کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائلی بھائیوں سے مل کر اس بات کویقینی بنائیں گے کہ دہشتگرد اور انکے سہولت کار علاقہ میں واپس نہ آسکیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا اور فاٹا کی خصوصی صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس منگل کو کور ہیڈ کوارٹر پشاور میں ہوا اجلاس کے دوران جاری فوجی آپریشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر ہونیوالے آپریشنز بالخصوص عارضی طور پر بے گھر ہونیوالے افراد کی واپس کے بارے میں غور و خوص کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کور کمانڈر پشاور سینئر صوبائی اور فاٹا سیکرٹریٹ کے حکام نے شرکت کی۔

آرمی چیف نے اس موقع پر فاٹا اور خیبر پختونخوا کے عوام کی قربانیوں اور جرأت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے غیر متزلزل عزم اور حوصلے کے ساتھ خیبر پختونخوا اور فاٹا کے ہمارے غیور قبائلیوں میں دہشتگردوں کے مظالم کا سامنا کیا ہے ۔ انہیں معاشرے سے الگ تھلک کر دیا ہے آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردوں کو انکی پناہ گاہوں سے کامیابی سے نکالنے اور ریاست کی رٹ بحال کرنے کے بعد ہم آپریشن کے مشکل ترین مرحلے میں ہیں ۔

لڑائی کی وجہ سے متاثر ہونیوالے علاقوں کی تعمیر نو بے گھر ہونیوالے افراد کی بحالی اور انتظامی نظام کے قیام کیلئے کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ ایسا انتظامی نظام قائم کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں جو عوام کی ضروریات اور امنگوں کے مطابق ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قبائلی بھائیوں سے مل کر اس بات کو یقینی بنانے کیلئے دہشتگرد اور ان کے سہولتکار واپس نہ آ سکیں۔

پاک فوج کے سربراہ نے عارضی بے گھر افراد کی بروقت اور باعزت انداز میں واپسی یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا علاقہ کی تعمیر نو یقینی بنائی جائے گی اور پورے سماجی اقتصادی انفراسٹرکچر کو بحال کیا جائے گا جنرل راحیل شریف نے تمام متعلقہ اداروں اور حکام پر زور دیا کہ بے گھر افراد کی بحالی کے عمل کو تیز کیا جائے اور رکاوٹیں دور کر کے یہ ہدف مقررہ مدت میں حاصل کیا جائے ۔ اجلاس کے دوران گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اس سلسلہ میں پاک فوج کی بھر پور حمایت پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا اور خیبر پختونخوا کی حکومت علاقہ کی دہشتگردی اور انتہا ء پسندی سے پاک کریگی اور عوام کی ترقی اور بہبود کیلئے راہ ہموار کریگی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں