خیبر پختونخوا چیمبر ، دہشت گردی اور قدرتی آفات سے متاثرہ تاجروں اور صنعتکاروں میں 11کروڑ روپے مالیت کے 81 چیکس تقسیم

پیر 8 فروری 2016 18:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 فروری۔2016ء) خیبر پختونخوا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ذوالفقار علی خان اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان نے سمیڈا کے باہمی تعاون سے اکنامک ریوائیٹالیزیشن آف خیبر پختونخوا اینڈ فاٹا ( ERKF )پراجیکٹ کے تحت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی اور قدرتی آفات سے متاثرہ تاجروں اور صنعتکاروں میں 11کروڑ روپے مالیت کے 81 چیکس تقسیم کئے ۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے صوبہ خیبر پختونخوا کی متاثرہ بزنس کمیونٹی کی بحالی کیلئے ورلڈ بینک سمیت ڈونرز ایجنسیز کی جانب سے ERKFپراجیکٹ کیلئے خطیر رقم مختص کرنے پران کے کردار کو سراہا اورکہا کہ خیبر پختونخوا چیمبر صوبے کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے موثر اقدامات اٹھاتا رہے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر ہاؤس میں امدادی چیکس کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر خیبر پختونخوا چیمبر کے نائب صدر شجاع محمد ٗ چیمبر کے سابق صدر شرافت علی مبارک ٗ سمیڈا کے صوبائی چیف جاوید خٹک ٗ چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین راشد اقبال ٗ محمد اشتیاق اور عبدالحکیم شنواری ٗ ضیاء الحق سرحدی ٗ ملک افتخار احمد اعوان ٗ صدر گل ٗ فیض رسول ٗ عابد اﷲ ٗ منصور شریف اورصنعت و تجارت سے متعلقہ افراد سمیت صوبہ بھرسے آئے ہوئے متاثرہ تاجروں اور صنعتکاروں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقار علی خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا چیمبر نے بزنس کمیونٹی کی ہمیشہ بلا امتیاز خدمت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق دور حکومت میں خیبر پختونخوا چیمبر کی کوششوں سے بم دھماکوں کے متاثرہ تاجروں اور دکانداروں کو 17 کروڑ روپے معاوضے کی ادائیگی کی گئی جبکہ ERKF پراجیکٹ کے تحت پہلے بھی متاثرہ تاجروں اور صنعتکاروں میں امدادی چیکس تقسیم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا چیمبر بزنس کمیونٹی کی خدمت کا ادارہ ہے اور ERKF پراجیکٹ میں بزنس کمیونٹی کو مزید بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے چیمبر کی اپ گریڈیشن کے لئے ایک کروڑ روپے کے فنڈز منظورکئے گئے ہیں تاہم ابھی تک اس کی ادائیگی نہیں ہوئی۔ انہوں نے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت سے درخواست کی کہ ERKF پراجیکٹ میں خیبر پختونخوا چیمبر اور وویمن چیمبر کے کیسز کی فوری طور پر منظوری دی جائے ۔

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان نے خیبر پختونخوا چیمبر کے صدر ذوالفقا رعلی خان کی جانب سے پیش کردہ سفارشات سے مکمل طور پر اتفاق کیا اور یقین دلایا کہ صوبائی حکومت صوبے کی بزنس کمیونٹی کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی ۔ انہوں نے خیبر پختونخوا چیمبر کو یقین دلایا کہ چیمبر کی مشاورت سے تمام معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں گی ۔اس موقع پر سمیڈا کے صوبائی چیف جاوید خٹک نے بھی خطاب کیا اور ERKF پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلات بیان کیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں