قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا ،جب تک ہماری شہ رگ دشمن کے قبضہ میں ہے ہم امن و سکون کی زندگی نہیں گزار سکتے کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ہم کسی بھی صورت کشمیر کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے

امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ریلی سے خطاب

جمعہ 5 فروری 2016 18:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 فروری۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا ،جب تک ہماری شہ رگ دشمن کے قبضہ میں ہے ہم امن و سکون کی زندگی نہیں گزار سکتے کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ہم کسی بھی صورت کشمیر کے مطالبے سے دستبردار نہیں ہوں گے جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا بھارت سے دوستی نہیں ہوسکتی ۔

کشمیر ی پاکستان کی بقا، سلامتی اور تکمیل کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔آلو پیاز کی تجارت اور گلوکاروں اور اداکاروں کے تبادلے کے بجائے حکمران کشمیر کی آزادی کو ترجیح اول بنائیں۔ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ ، بنگلہ دیش کی علیٰحدگی میں مکمل کردار ، بلوچستان اور فاٹا میں بدامنی اور آبی جارحیت کے بعد بھارت سے دوستی کی باتیں کرنے والے پاکستانی حکمران ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں۔

(جاری ہے)

بھارت نے پاکستان کے خلاف آبی ، ثقافتی اور فوجی جارحیت کی ہے ۔بھارت جان لے کہ وہ کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو شکست نہیں دے سکتا ،جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا آزادی کی یہ جنگ جاری رہے گی ۔ کشمیری عوام نے اپنی بے مثال جدوجہد سے شکست بھارت کے ماتھے پر لکھ دی ہے ،کشمیر بھارت کے قبضہ سے آزاد ہوکر رہے گااور آزادی کشمیریوں کا مقدر بنے گی۔

کشمیر پر بھارتی قبضہ پاکستان کی بقا اور سا لمیت کے لئے خطرہ ہے ۔آزادی کشمیر کے لیے جدوجہد پر سید علی گیلانی اور حریت رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وہ پشاور میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کر رہے تھے ۔ ریلی سے نائب امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر نورالباری ، خطیب جامع مسجد مہابت خان مولانا طیب قریشی ،سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان ، سابق ممبر قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی ، فضل اﷲ داؤدزئی ، مولانا حنیف اﷲ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

ریلی تاریخی مسجد مہابت سے شروع ہوئی جس میں پشاور کے عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔شرکاء نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جس پر کشمیر کے آزادی کے نعرے درج تھے ۔ ریلی نے چوک یادگار میں جلسے کی شکل اختیار کی ۔ امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے ریلی سے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ 5 فروری کو کشمیر ی عوام پوری دنیا میں یوم الحاق پاکستان جب کہ پاکستانی عوام یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہیں ۔

کشمیرکو ہٹانے سے پاکستان کے معنی ختم ہو جاتی ہے اس لیے پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے آٹھ لاکھ فوج کے ذریعہ کشمیر پر قبضہ کررکھا ہے ،کشمیری عوام 70سال سے بھارت کے ظلم و جبر کا شکار ہیں ،ایک لاکھ سے زائد شہداء ، ایک لاکھ افراد قید و بند کی صوبتیں برداشت کر رہے ہیں جب کہ چار لاکھ گھر تباہ ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیری عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کرے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کا رویہ انتہا پسندانہ اور ظالمانہ ہے ،کشمیر کے مسئلہ پر پاکستانی حکمرانوں نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی ۔انہوں نے کہاکہ کشمیر کے آزادی کا راستہ اسلام آباد سے ہوکر جاتا ہے اور جب تک اسلام آباد میں اسلامی حکومت قائم نہیں ہوگی اس وقت تک کشمیر کی آزادی ممکن نہیں ہے قوم ایک آزاد اور اسلامی و فلاحی ریاست کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں