کمشنر کوہاٹ ڈویژن کی زیرصدارت اجلاس:

لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کوہاٹ کے ماسٹر پلان پر تبادلہ خیال

بدھ 3 فروری 2016 18:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء)لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال کوہاٹ کی مجوزہ نئی عمارت پر تقریباً 19کروڑ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس کے لئے 10کروڑ روپے RAHA فراہم کرے گا۔ یہ بات مذکورہ ہسپتال کے ماسٹر پلان سے متعلق کمشنر کوہاٹ ڈویژن مسرت حسین کی زیر صدارت کمشنر ہاؤ س میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کو بتائی گئی جس میں دوسروں کے علاوہ رکن قومی اسمبلی شہر یار آفریدی ،چےئر مین ڈیڈاک کوہاٹ ضیا ء الله بنگش ایم پی اے ،ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ظاہر شاہ، تحصیل ناظم کوہاٹ ملک تیمور ،تحصیل ناظم لاچی اشفاق قریشی ، اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ محمدعمیر ،متعلقہ قومی تعمیر نو محکموں کے سر براہوں اور مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں آرکیٹکٹ معمار کنسلٹنٹس نے مذکورہ ہسپتال کے مجوزہ ماسٹر پلان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ حسب ہدایت ایک مہینے میں اس پلان کے ڈیزائن اینڈ پلاننگ اور دیگر امور کو حتمی شکل دے دیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ اس پراجیکٹ کے لئے 10کروڑ روپے کی فراہمی کے لئے RAHAصوبائی حکومت کے ساتھ باقاعدہ طور پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرے گا جبکہ مزید فنڈنگ صوبائی حکومت کرے گی ۔

اسی طرح اس سلسلے میں فنڈنگ کے لئے MOLاورSNGPLکمپنیوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا ۔اجلاس کو مزیدبتایا گیا کہ مذکورہ پراجیکٹ کے لئے فنڈز کی کمی کسی صورت آڑے نہیں آئے گی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اس کے لئے پہلے ہی مطلوبہ فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔اجلاس میں کنسلٹنٹ کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنا کام بروقت مکمل کریں اور ایسا لائحہ عمل تیار کریں کہ تعمیراتی کام کے دوران طبی سرگرمیاں کسی طور پر متاثر نہ ہوں اور مریضوں کو بھی بلاتعطل طبی سہولیات مہیا ہوں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں