لوئردیر میں رواں ترقیاتی منصوبوں کو جلدازجلدمکمل کیاجائے، مظفر سیدایڈووکیٹ

میٹریل کی کوالٹی کوبرقرار رکھتے ہوئے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کوہر لحاظ میں یقینی بنائیں ،وز یرخزانہ کے پی کے

بدھ 3 فروری 2016 17:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء)خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے خصوصاً صوبے کے پسماندہ اضلاع کو صوبے کے ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانے کے لئے حکومت ہر سال بجٹ میں کثیر رقوم مختص کررہی ہے تاکہ عوام کوزندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناکران کامعیار زندگی بلند کیا جاسکے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز خیبرپختونخوا ہائی وے اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر محمداعجاز یوسفزئی سے ان کے دفتر پشاورمیں ایک ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر تحصیل ناظم منڈا ہمایوں خان، تحصیل ناظم ثمرباغ سعید احمد باچہ اور متعلقہ محکموں کے افسران واہلکاران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران ضلع لوئیر دیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا اور ان کی بروقت تکمیل کی ضرورت پر زوردیاگیا۔

صوبائی وزیر نے منیجنگ ڈائریکٹر پختونخوا ہائی وے اتھارٹی کوہدایت کی کہ وہ جندول،ثمر باغ،منڈاورکامبٹ ٹو شاہی میں سڑکوں ،نالیوں ،سپیڈ بریکرزاورلائٹس کی تنصیب کاکام ترجیحی بنیادوں پرمکمل کریں جبکہ تودہ چند،قلنگی ٹوبانڈہ گئی بائی پاس اورخزانہ میاں ،کوٹکے ،مایار ،ثمر باغ اورکامبٹ بوکری میں لائٹس کی تنصیب کاکام بھی جلد از جلدمکمل کریں۔

مظفر سید نے ضلع لوئیر دیرمیں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کے سربراہوں کو تاکیدکی کہ وہ ان منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کاسمجھوتہ نہ کریں اور میٹریل کی کوالٹی کوبرقرار رکھتے ہوئے تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل کوہر لحاظ میں یقینی بنائیں کیونکہ حکومت اپنے ایجنڈے کوعملی شکل دینے کے لئے اس کی راہ حائل کسی بھی رکاوٹ کوبرداشت نہیں کریں گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں