صحافی معاشرے میں آنکھ اور کان کا کردار ادا کرتے ہیں،ضیاء اﷲ بنگش

صحافت کو ریاست کاچوتھا ستون تصور کیا جاتا ہے، ملکی ترقی و خوشحالی میں صحافت کے شعبے کو کلیدی حیثیت حاصل ہے ، چیئرمین ضلعی ترقیاتی کمیٹی کوہاٹ

پیر 1 فروری 2016 18:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء) چیئرمین ضلعی ترقیاتی کمیٹی کوہاٹ ضیاء اﷲ بنگش ایم پی اے نے کہا ہے کہ صحافت کو ریاست کاچوتھا ستون تصور کیا جاتا ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں صحافت کے شعبے کو کلیدی حیثیت حاصل ہے ۔انہوں نے مزیر کہا کہ صحافی معاشرے میں آنکھ اور کان کا کردار ادا کرتے ہیں اور حکومت وقت کی صحیح سمت میں رہنمائی میں ان کا انتہائی اہم کردار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان لائبریری کوہاٹ میں ہفت روزہ انقلاب کوہاٹ کی پانچویں سالگرہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سالگرہ کی تقریب سے دوسروں کے علاوہ حاجی عابد خان،امیر خان آفریدی، جاوید خٹک،قاری فتح محمد، شیر خان بنگش اور عبدالرؤف ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا اور کامیابی سے پانچ سال مکمل کرنے پر چیف ایڈیٹر نورمحمد بنگش اور اس کی ٹیم کو مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مذکورہ اخبار نے کوہاٹ میں مثبت صحافت کو فروغ دیا ہے اور عوام کے مسائل کو موثر اور جمہوری انداز میں اجاگر کیا ہے۔سالگرہ میں ضلع کوہاٹ کے عمائدین، سیاسی رہنماؤں، تاجر برادری اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ اس موقع پر تحصیل ناظم ملک تیمور اور اپوزیشن لیڈر ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نسیم آفریدی بھی موجود تھے۔ ضیاء بنگش نے کہا کہ وہ خود بھی اس شعبے سے منسلک رہے ہیں اور آج بھی جب موقع ملتا ہے تو اخبارات کے لئے کالم لکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قلم کی اہمیت مسلمہ ہے اور اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اﷲ تعالی نے قرآن میں قلم کی قسم کھائی ہے ۔انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ قلم کی حرمت کا پاس رکھیں اور اپنے قلم کو انسانیت کی بھلائی کے لئے استعمال کریں ۔ضیاء بنگش نے ہفت روزہ انقلاب کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے 5لاکھ روپے کا اعلان کیا۔قبل ازیں چیف ایڈیٹر ہفت روزہ انقلاب کوہاٹ نورمحمد بنگش نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں تمام مہمانوں کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مثبت صحافت کو فروغ دینے اور مقامی مسائل کو جمہوری انداز میں اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں