پشاور،جماعت اسلامی نے پٹرول کی قیمتوں میں پانچ روپے فی لٹر کمی کو قوم کیساتھ مذاق قرار دیکر مسترد کردیا

حکومت نے عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے ملک میں پٹرول کی قیمتیں کم نہ کیں تو سڑکوں پر آئینگے،مشتاق احمدخان

پیر 1 فروری 2016 18:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء) امیرجماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے پٹرول کی قیمتوں میں پانچ روپے فی لٹر کمی کو قوم کے ساتھ مذاق قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے،حکومت نے عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے ملک میں پٹرول کی قیمتیں کم نہ کیں تو ہم سڑکوں پر آئینگے۔حکمران عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے فائدے کو پاکستانی عوام کو منتقل نہیں کررہی ہے ، حکمران قوم پر رحم کرے اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرے۔

عالمی مارکیٹ سے سستا تیل خرید کر قوم کو مہنگے داموں فروخت کیا جارہا ہے۔صرف ڈیڑھ سال میں 11ارب ڈالر پٹرولیم کی مد میں حکمران خرد برد کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم اور وزیر خزانہ اپنے دو سالہ ٹیکس ادائیگی کے گوشوارے قوم کے سامنے پیش کریں ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے المرکزالاسلامی جماعت اسلامی ضلع مردان کے نائب امیر مولانا صفی اﷲ کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

وفد میں مردان کی سماجی شخصیات جہانزیب خان، عمر خان اور عرفان خان بھی موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا کہ گذشتہ دس سال میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت 120 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 26ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے اور اس وقت عالمی مارکیٹ میں فی لٹر پٹرول کی قیمت پاکستان کے فی لٹرپانی سے بھی کم ہے لیکن حکمران مسلسل اپنے عوام کو دھوکے میں رکھ رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق حکومت 44روپے فی لٹر قوم سے کما رہی ہے جو قوم کے ساتھ زیادتی ہے انہوں نے کہا کہ ایک طرف دہشت گردی کی وجہ سے کاروباری زندگی ٹھپ تو دوسری طرف لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے صنعت کا پہیہ جام ہے اور ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں سوا دو کروڑ بچے بھٹہ خشت ،ہوٹلوں میں مزدوری کرنے پرمجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اناج سے بھرے ملک میں لوگ فاقوں پر مجبورہیں اور بھوک سے تھر میں گذشتہ دو ماہ 120بچوں کی ہلاکتیں ہوئیں ہیں جو ایک بہت بڑا المیہ ہے لیکن حکمران اپنی عیاشیوں کیلئے لوٹ کھسوٹ میں مصروف اور ٹیکسوں پر ٹیکس لگا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اب حکمرانوں کی بے حسی پر ہم مزید خاموش نہیں رہیں گے گذشتہ دوسال کے دوران حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں میں ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا انہوں نے پٹرول کی قیمت میں پانچ روپے فی لٹر کمی کو مسترد کرتے ہوئے اسے قوم کے ساتھ بڑا دھوکہ قرار دیااور کہا کہ اگر حکومت نے ملک میں تیل کی قیمتوں میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے تناسب سے کمی نہیں کی تو پھر ہم سڑکوں پرآئینگے اور بھرپور احتجاج کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں