ایشیائی ترقیاتی بنک کا خیبرپختونخوامیں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار،پن بجلی کے منصوبے شروع کرنے کے لئے مالی تعاون کی پیشکش

اتوار 31 جنوری 2016 21:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31جنوری۔2016ء) ایشیائی ترقیاتی بنک نے خیبرپختونخوامیں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے صوبے میں پن بجلی کے چھوٹے ،درمیانے اوربڑے منصوبے شروع کرنے کے لئے مالی تعاون کی پیشکش کی ہے جبکہ صوبے کے ایسے علاقوں میں جہاں لوگ بجلی کی نعمت سے محروم ہیں موجودہ صوبائی حکومت کی طرف سے 356منی مائیکروپن بجلی گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو قابل ستائش اقدام قرار دیتے ہوئے Result Base Landing (RBL)ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسے منصوبوں کو مختصر ترین مدت میں مکمل کرنے کا پروگرام ترتیب دیا ہے۔

اس سلسلے میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے ایک مشن جس کی قیادت پروگرام منیجرعدنان ترین کررہے تھے نے خیبرپختواکے دارالحکومت پشاور کا دورہ کیاجہاں وفد نے پختونخواانرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن(پیڈو) کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

مشن میں کورین،آسٹریلین،فلپائنی ،ویت نام اور پاکستانی سرمایہ کار شامل تھے۔پیڈوہاؤس میں چیف ایگزیکٹوپیڈواکبرایوب نے ایشیائی ترقیاتی بنک کے مشن کو صوبے میں توانائی کے جاری منصوبوں اور مجوزہ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ اس موقع سیکرٹری توانائی وبرقیات انجینئرنعیم خان بھی موجود تھے۔

وفد کو بتایا گیاکہ موجودہ صوبائی حکومت توانائی ایکشن پلان کے تحت چھوٹے ،درمیانے اور بڑے توانائی کے منصوبوں پر کام کررہی ہے جبکہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں بجلی کی نعمت پہنچانے کے لئے 356منی مائیکروپن بجلی گھر تعمیر کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں 6ماہ قبل ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ ان منصوبوں کومختصرعرصے میں مکمل کرنے کا پروگرام ترتیب دیا ہے ۔

غیر ملکی سرمایہ کارمشن نے موجودہ صوبائی حکومت کے توانائی منصوبوں کو قابل ستائش اقدام قرار دیتے ہوئے صوبے میں پیڈوکے باہمی تعاون سے پن بجلی کے وسائل کو بروئے کارلانے کے لئےRBLٹیکنالوجی کے ذریعے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کافیصلہ کیا ہے جبکہ توانائی کے بڑے منصوبوں کے لئے معالی تعاون کا بھی پروگرام ترتیب دیا ہے جس سے ایک طرف صوبے میں ایک بڑی سرمایہ کاری آئے گی تودوسری طرف توانائی منصوبوں کی تکمیل سے انقلاب برپاہوگا۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں