معیاری اعلی تعلیم ،تحقیق قوموں کی سماجی واقتصادی ترقی کیلئے بنیادی شرط ہے،سردارمہتاب

حکومت اعلی تعلیم کے مواقعوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ،گورنرخیبرپختونخوا

جمعرات 28 جنوری 2016 21:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) گورنرخیبرپختونخوا سردارمہتاب احمدخان نے کہاہے کہ معیاری اعلی تعلیم اور تحقیق قوموں کی سماجی واقتصادی ترقی کیلئے بنیادی شرط ہے۔ قوموں کی ترقی وبقاء تعلیم کے معیار سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جہاں تعلیم کے شعبے میں ترجیحی بنیادوں پر سرمایہ کاری کی جاتی ہے ۔

موجودہ حکومت اعلی تعلیم کے مواقعوں کی فراہمی کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قومی وملی اقدار پرمبنی مہذب معاشروں کی تشکیل میں اساتذہ کا کلیدی کردارہے۔ وہ جمعرات کے روز ہائیرایجوکیشن کمیشن اسلام آباد میں بیسٹ یونیورسٹی ٹیچرایوارڈکے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین ہائرایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹرمختار احمد،ایگزیکٹیوڈائریکٹر ایچ ای سی پروفیسرڈاکٹر غلام رضابھٹی، وائس چانسلرز، یونیورسٹی ٹیچرز کثیرتعداد میں شریک تھے۔

تقریب میں پاکستان بھر کی سرکاری وپرائیویٹ یونیورسٹیوں سے 40 اساتذہ کو ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں سال 2014 کیلئے بہترین یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈ دیے گئے جبکہ ہر فاتح کو سرٹیفیکٹ اور نقد انعام سے بھی نوازا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے یونیورسٹی اساتذہ کی کارکردگی کے اعتراف میں ان کی حوصلہ افزائی کیلئے ہائرایجوکیشن کمیشن کی اس کاوش کو سراہا اور اسے مستقبل میں جاری رکھنے کی امیدکا اظہارکیا۔

انہوں نے کہاکہ گذشتہ عرصے میں تعلیم کی بہتری کیلئے اعلی تعلیم و ہائرایجوکیشن کمیشن کی بہتری سمیت اساتذہ کی رسائی میں اضافے ،انسانی وسائل کی ترقی کی توسیع پرخصوصی توجہ دی گئی ہے۔ گورنرنے کہاکہ ایچ ای سی کو درپیش مسائل کے حل اوراعلی تعلیم کے مواقعوں کی فراہمی اور اعلی تعلیمی اداروں میں معیاری ریسرچ کو یقینی بنانے کیلئے موجودہ حکومت نے وزیراعظم کی ہدایت پر کثیرسرمایہ کاری کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے طلبہ صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں اور ان کے بہتر مستقبل کویقینی بنانے کیلئے جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اعلی تعلیمی اداروں سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت قومی مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے ہائرایجوکیشن کمیشن کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ اعلی تعلیمی اداروں کے قیام اور توسیع کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے لیکن ضرورت اس امرکی ہے کہ تعلیم و تحقیق کے معیار کو مزید بہترکرنے کے ساتھ ساتھ تعلیم یافتہ اور قابل اساتذہ کی کمی کوبھی پورا کیاجائے۔

انہوں نے سوشل ریسرچ کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ ترقی یافتہ قومیں یونیورسٹیز میں سماجی تحقیق کے نتائج کاجائزہ لے کر اپنی پالیسیاں مرتب کرتی ہے اور پھر ان پر عمل بھی کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت تعلیم کے شعبے کو مزید مستحکم اور بہتر بنانے کیلئے مختلف تعلیمی منصوبوں اورپروگرامز کے ذریعے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ معاشی وسماجی ترقی اور عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے معیاری تعلیم انتہائی ضروری ہے اور اس ضمن میں حکومت اساتذہ اور طلباء کے ساتھ مربوط روابط کو قائم رکھنے پر یقین رکھتی ہے۔

گورنرنے کہاکہ علم و تحقیق ہی قوموں کی سماجی و اقتصادی ترقی کا بنیادی زینہ ہے ۔حکومت قوم کے بہترمستقبل کویقینی بنانے کیلئے اور طلبہ اور عوام کی فلاح وبہبودکیلئے سنجیدہ ہے۔ گورنرنے ایوارڈ حاصل کرنے والے اساتذہ کو مبارکباددیتے ہوئے ان پر زوردیا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اساتذہ کو طلباء کی تربیت بھی کرناہوگی اور انسانیت کی خدمت کا جذبہ اپنانا ہوگا اور معاشرے کے استحکام کیلئے مزید کردار ادا کرناہوگا۔

گورنرنے کہاکہ ملکی ترقی میں اساتذہ کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا۔ اساتذہ قوم کا مستقبل اور آنے والی نسلوں کی تربیت مشنری جذبے کے ساتھ جاری رکھیں تاکہ ملی وقومی اقدار پرمبنی مہذب معاشرے کی تشکیل ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ مہذب معاشرے کی تشکیل کیلئے اپنا بہترکردار ادا کریں۔ انہوں نے اس امر پرزوردیا کہ معاشرے کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اساتذہ کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرناہوگا اور تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی تربیت بھی کرنی ہوگی۔ اساتذہ قوم کے معمارہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ کو تعلیم اورریسرچ کے ساتھ ساتھ انسانیت اور معاشرے کی خدمت کیلئے مشنری جذبے کے ساتھ اپنے فرائض ادا کرنے ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں