علم دشمنوں کو کسی قیمت پرمعصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے نہیں دیں گے،سردارمہتاب

باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گرد حملہ کے تناظر میں خیبرپختونخوا کی تمام یونیورسٹیز کی سیکورٹی اورامن وامان کے حوالے سے انتہائی اہم اجلاس

منگل 26 جنوری 2016 19:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء) گورنرخیبرپختونخواسردارمہتاب احمدخان نے کہاہے کہ علم دشمنوں کو کسی قیمت پرمعصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے نہیں دیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ صوبہ کی تمام یونیورسٹیز میں مقررہ حفاظتی انتظامات کاجائزہ لیاجائے ۔ مطلوبہ انتظامات نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

انہوں نے وائس چانسلرز کو ہدایت کی کہ دہشت گردی کی روک تھام کیلئے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کومزید بہتربنانے کیلئے موثراقدامات کویقینی بنایاجائے۔وہ منگل کے روز گورنرہاؤس پشاور میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گرد حملہ کے تناظر میں صوبہ خیبرپختونخوا کی تمام یونیورسٹیز کی سیکورٹی اورامن وامان کے حوالے سے انتہائی اہم اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فاٹا سمیت صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر ز نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کی تمام یونیورسٹیز میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ گورنرنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یونیورسٹیز میں تعینات پولیس اہلکاروں کی حاضری کو یقینی بنایاجائے بصورت دیگر ان کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں یونیورسٹیز کی سیکورٹی کے ضمن میں مالی مشکلات کو فوری طور پر دور کرنے کیلیے لا ئحہ عمل طے کیا گیا۔

اجلاس میں سانحہ باچا خان یونیورسٹی کے شہداء کیلیے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلیے دعا بھی کی گئی۔گورنر جوکہ صوبے کی یونیورسٹیز کے چانسلربھی ہیں ،نے ہدایت کی کہ یونیورسٹیز میں سیاسی سرگرمیوں کو ختم کیاجائے اور ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیاجائے۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی انتظامیہ کو بھی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرناہوگا اور اپنے فرائض نیک نیتی سے ادا کرنے ہوں گے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی سٹاف کی مناسب ٹریننگ کیلئے چیف سیکرٹری سے فوری رابطہ کیاجائے۔ گورنرنے وائس چانسلرزکو یونیورسٹیز کو درپیش مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیکورٹی کی مدمیں یونیورسٹیز کی مالی معاونت کیلیے ایچ ای سی اور صوبائی حکومت سے رابطہ کیاجائے۔گورنرسردار مہتاب نے باچاخان یونیورسٹی پرحملے کے فوراً بعد یونیورسٹی کے سیکورٹی گارڈز ،طلباء، پولیس اورسیکورٹی اداروں اورپاک فوج کی بروقت کاروائی اور یونیورسٹی کے طلباء اور سٹاف کودہشت گردوں کادلیری سے مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ معصوم بچوں اور نہتے شہریوں کے قاتلوں کوہر قیمت پر انصاف کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ گورنرنے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اندرونی محاذ پرلڑی جانیوالی اس جنگ میں عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ عوام کے تعاون سے دہشت گردوں کو ناکام بنایاجائیگا۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردبوکھلاہٹ میں معصوم شہریوں اور طالب علموں کو ظلم وبربریت کا نشانہ بنارہے ہیں،ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے اوردہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں