باچا خان یونیورسٹی واقعہ پرپوری قوم افسردہ ہیں،آفتاب شیرپاؤ

یونیورسٹی سانحہ کے دوران پارٹی کارکنوں نے امدادی کارروائیوں،غمزدہ خاندانوں کی مکمل داد رسی ، خون کے عطیات دیکر ثابت کردیا ہر کٹھن مرحلہ پر پختونوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ، چیئرمین قومی وطن پارٹی

جمعرات 21 جنوری 2016 18:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ ان کی جماعت پختونوں کواس مشکل صورتحال میں کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑے گی اور باچا خان یونیورسٹی سانحہ کے دوران پارٹی کارکنوں نے امدادی کارروائیوں،غم زدہ خاندانوں کی مکمل داد رسی اورخون کے عطیات دے کر ثابت کردیا کہ ہر کٹھن مرحلہ پر پختونوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور ان کو کسی بھی حال میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ باچا خان یونیورسٹی واقعہ پرپوری قوم افسردہ ہیں اور ان کی تمام تر ہمدردیاں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔انھوں نے کہا کہ چارسدہ واقعہ کسی المیہ سے کم نہیں اور اس اندوہناک گھڑی میں قومی وطن پارٹی متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہیں۔

(جاری ہے)

آفتاب شیرپاؤ نے سانحہ چارسدہ کے دوران پارٹی معاونین خصوصی،ممبران اسمبلی، پارٹی کے ضلعی اور تحصیل ممبران،تحصیل ناظمین،ضلعی عہدیداران اور کارکنوں کی کاؤشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری سیاست کا محور دکھی انسانیت کی خدمت اور ان کی ہر طرح سے داد رسی کرنا ہے اور اس المناک واقعہ میں پارٹی کارکنوں نے جو کردار ادا کیا وہ قابل ستائش ہے۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں اور پختون دھرتی کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی اور اس ضمن میں پارٹی کی کارکردگی روز روشن کی طرح عیاں ہے۔انھوں نے ایک بار پھر سانحہ کے شکار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کی درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں