پشاور، ترقیاتی منصوبوں کے مارکیٹ ریٹ سسٹم سے متعلق کمیٹی کا اجلاس

جمعہ 15 جنوری 2016 20:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں ترقیاتی منصوبوں کے مارکیٹ ریٹ سسٹم سے متعلق بنائی جانے والی کمیٹی کا اجلاس وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان کی سربراہی میں سی اینڈڈبلیو سیکرٹریٹ پشاورمیں منعقد ہوا۔سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو انجینئر محمد آصف خان،سیکرٹری پبلک ہیلتھ نظام الدین،سیکرٹری بلدیات سید جمال الدین،سیکرٹری آبپاشی طارق راشد،ڈائریکٹر پی ڈی اے امین الدین اور چیف انجینئر سینٹر فضل کبیر خان کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اجلاس میں مارکیٹ ریٹ سسٹم کے حوالے سے مختلف پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا گیا اور موجودہ مارکیٹ ریٹ سسٹم میں پائی جانے والی خامیوں کودور کرنے کے لئے اقدامات پر تفصیلی بحث کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب نے سیکرٹری سی اینڈڈبلیو کی سربراہی میں مختلف محکموں کے تکنیکی نمائندوں پر مشتمل ذیلی کمیٹی کے قیام کی منظوری بھی دی۔

ذیلی کمیٹی دو ہفتے کے اندر مارکیٹ کا سروے کر کے اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے مارکیٹ ریٹ سسٹم میں خامیاں دور کرنے اور بہتری کے لئے ترمیم کی تجاویز پیش کرے گی جس کی حتمی منظوری کے لئے وزیر اعلیٰ کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔مشیر مواصلات نے متعلقہ حکام کو مارکیٹ ریٹ سسٹم سے متعلق تمام امور کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت بھی کی تاکہ مزید کسی تاخیر کے بغیر ایم آر ایس میں موجود خامیوں کو دور کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں