صوبے کے حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی، ہارون بشیر بلور

گیس لوڈ شیڈنگ خاتمے بارے عدالت عالیہ کا فیصلہ خوش آئند ہے ، عوام پی ٹی آئی سے متنفر ہو چکے ہیں صوبے کے حقوق کیلئے آواز نہ اٹھائی گئی تو مستقبل میں اس کے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں، رہنماء اے این پی

جمعہ 15 جنوری 2016 20:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے گیس لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے نیک شگون قرار دیا ہے ، اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت صوبے کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے جس پر تبدیلی کے دعویداروں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے انہوں نے کہا کہ عوام تحریک انصاف کی موجودگی میں انصاف کیلئے عدالتوں سے رجوع کر رہے ہیں اور عدلیہ ان کے حقوق کے تحفظ کی ضامن ہے ، ہارون بشیر بلور نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت خیبر پختونخوا کے وسائل پنجاب منتقل کئے جانے کی سازش ہو رہی ہے جس کے خلاف صوبے کے عوام متحد ہیں اور اس قسم کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے مناسب اور ٹھوس اقدامات کرے تا کہ خیبر پختونخوا کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے ، ہارون بلور نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد گیس صوبائی معاملہ ہے اور حکمرانوں نے اگر صوبے کے حقوق کیلئے آواز نہ اٹھائی تو مستقبل میں اس کے خطرناک نتائج سامنے آ سکتے ہیں جبکہ صوبے کے وسائل کو غیر منصفانہ طور پر تقسیم کرنے سے صوبے کے حقوق کی جنگ مرکز کے سامنے کمزور پڑ جائے گی،انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام اپنے وسائل کے باوجود گیس اور بجلی سے محروم ہیں جس کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے ، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں کے باعث اب عوام ان سے متنفر ہو چکے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب صوبے میں ایک بار پھر اے این پی کی حکومت ہو گی اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں