وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور میں ترقیاتی منصوبوں پر کام مزید تیز کرنے کا حکم دیدیا

قدیم پشاور شہر کی عظمت رفتہ کی بحالی کے اقدامات کے علاوہ اندرون شہر ٹریفک کے نظام کو درست کرنے، تاریخی مقامات اور عمارات کی بحالی و خوبصورتی اور سیاحوں کیلئے سہولیات کیلئے تجاویز کی منظوری دے دی ہے جن میں تین گزرگاہوں کو سیاحتی ٹریکس میں تبدیل کرنے اور نمک منڈی یا قصہ خوانی بازار میں فوڈ سٹریٹ قائم کرنے کے منصوبے بھی شامل ہیں، پرویز خٹک

جمعرات 14 جنوری 2016 23:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے صوبائی دارالحکومت کے ترقیاتی اور خوبصورتی کے منصوبوں پر کام مزید تیز کرنے کے احکاما ت جاری کئے ہیں اور قدیم پشاور شہر کی عظمت رفتہ کی بحالی کے اقدامات کے علاوہ اندرون شہر ٹریفک کے نظام کو درست کرنے، تاریخی مقامات اور عمارات کی بحالی و خوبصورتی اور سیاحوں کیلئے سہولیات کیلئے تجاویز کی منظوری دے دی ہے جن میں تین گزرگاہوں کو سیاحتی ٹریکس میں تبدیل کرنے اور نمک منڈی یا قصہ خوانی بازار میں فوڈ سٹریٹ قائم کرنے کے منصوبے بھی شامل ہیں اُنہوں نے اسی طرح کی فوڈ سٹریٹس حیات آباد کے باغ ناران اور بیسائی پارک میں قائم کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے اُنہوں نے پشاور سمیت صوبہ بھر کیلئے دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق پہلے سے موجود بلڈنگ بائی لاز اور شادی ہالوں سے متعلق قوانین میں ضروری ترامیم کے بعد ان پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ ایسے شادی ہالوں کو ہر گزاجازت نہ دی جائے جن کے پاس پارکنگ کا معقول انتظام نہ ہو۔

(جاری ہے)

یہ احکامات اُنہوں نے جمعرات کے روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں پشاور کی ترقی اور خوبصورتی اس کی تاریخی حیثیت کی بحالی سے متعلق اعلیٰ سطحی طویل اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے جاری کئے اجلاس میں پشاور کے میگا پراجیکٹس کے فوکل پرسن شوکت علی یوسفزئی ، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات مشتاق احمد غنی ، معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ شاہ محمد وزیر، ایم پی اے جاوید نسیم، چیف سیکرٹری امجد علی خان، فنانس، لوکل گورنمنٹ ، ٹرانسپورٹ و سی اینڈ ڈبلیو کے سیکرٹریوں، پی ڈی اے، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی اجلاس کو بتایا گیا کہ جی ٹی روڈتا جمرود روڈ شاہراہ کی بحالی و خوبصورتی ، یو ٹرنز، چوکوں اور چوراہوں، موٹر وے اور چغلپورہ انٹرچینج کی خوبصورتی ، نذر باغ میں میونسپل بلڈنگ کی بحالی اور دیگر سہولیات کے علاوہ پشاور شہر کے 13 پبلک پارکوں کی بحالی کے منصوبے مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ دریائے کابل نہر و ورسک نہر کی خوبصورتی ، تاریخی گھنٹہ گھر کی بحالی، دلہ زاک روڈ کی بحالی و خوبصورتی ، سیکورٹی چیک پوسٹوں کی تعمیر، یونیورسٹی روڈ کی توسیع ، حیات آباد میں بیسائی پارک، آثار قدیمہ کی بحالی، سیاحت کی ترقی اور اندرون شہر تجاوزات سے واگزار کرائی گئی سڑکوں کی بحالی سمیت متعدد منصوبے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اندرون پشاور شہر کی جن 21 سڑکوں سے تجاوزات ہٹائی گئی ہیں ان میں سے 14 کو بحال کیا جا رہا ہے اور باقی سات سڑکوں کی بحالی کیلئے بھی مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جائیں گے وزیراعلیٰ نے جاری منصوبوں میں رکاوٹیں دور کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی سڑک کے ساتھ فٹ پاتھ، نکاسی آب کے نظام، ٹریفک انتظامات، پولیس چیک پوسٹیں اور روڈ فرنیچر وغیرہ کی سہولتوں کو ہر گز نظرانداز نہ کریں وزیراعلیٰ نے پشاور کے بحال کر دہ 13 پارکوں کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے اقدامات کے علاوہ شاہی باغ میں قائم پلے لینڈ ختم کرکے اس اراضی کوشاہی باغ میں شامل کرنے اور پردہ باغ اور گور گٹھڑی میں قائم کئے گئے شادی ہالوں کو مسمارکرکے ان کی تاریخی اور تفریحی حیثیت بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ سرکاری اراضی پر تجاوزات اور تفریحی سہولیات کو تجارتی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی اجازت ہر گزر نہیں دی جائے گی اُنہوں نے لیڈیز کلب کی اراضی پر تجاوزات ختم کرنے کا بھی حکم دیا جس میں سرکاریب بنگلے بھی شامل ہیں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے خیبر بازار میں اسلامیہ کالج کلب کی سو سال پرانی عمارت اور پشاور کی اولڈسٹی وال کو قومی ورثہ قرار دے کر ان کی اصل حالت میں بحالی اور پشاور شہر کی قدیم دیواروں کی خوبصورتی کے علاوہ ایم پی اے شوکت یوسفزئی کی تجویز پر اندرون شہر سیاحوں کے دلچسپی کے مقامات کی گزرگاہوں کو ٹورسٹ ٹریک میں تبدیل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں ان گزرگاہوں میں بالاحصار سے صرافہ۔

مسجد مہابت خان ۔ گھنٹہ گھر۔ گور گٹھڑی۔ قصہ خوانی۔ چوک یادگار۔ گھنٹہ گھر۔ گور گٹھڑی اور قصہ خوانی تا مینا بازار کی گزرگاہیں شامل ہیں وزیراعلیٰ نے شہر کے زیادہ سے زیادہ مقامات خصوصاً مارکیٹوں میں پبلک ٹائلٹ تعمیر کرنے اور اسلامیہ کالج سے متصل سرکاری اراضی سے تجاوزات ختم کرکے اس پر ایک جدید سپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنے کی تجویز کی منظوری بھی دی وزیراعلیٰ نے اجلاس میں یہ ہدایت بھی کی کہ پشاور سمیت جن شہروں میں ریسکیو1122 کی سروس موجود ہے وہاں تمام اداروں کے فائر بریگیڈ ریسکیو1122 کے حوالے کئے جائیں تاکہ ان کا بہتر استعمال یقینی ہو اُنہوں نے پشاور میں ریڑھی بازار قائم کرنے کیلئے موزوں مقامات کی نشاندہی کرنے کی ہدایت بھی کی پشاور میں پبلک ٹرانسپورٹ کی حالت اور نظام بہتر بنانے کے منصوبے میں تاخیر پر اپنی تشویش ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ مسافروں کی سہولت کا خیال کرتے ہوئے اس منصوبے کو جلد مکمل کریں جس کے تحت مقامی روٹس پر آرام دہ اور ائرکنڈیشنڈ بسیں چلائی جائیں گی ۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں