پی آئی اے کے اثاثے کوڑیوں کے مول فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنائیں گے ۔ سردار حسین بابک

اگر پی آئی اے کے اثاثوں کی نجکاری ضروری ہے تو اس کا آغاز پنجاب سے کیا جائے۔۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈرکابیان

جمعرات 14 جنوری 2016 19:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے پی آئی کی ممکنہ نجکاری کی صورت میں خیبر پختونخوا میں پی آئی اے کی اراضی اور اثاثے کوڑیوں کے مول فروخت کئے جانے کے انکشاف پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ،اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سردار حسین بابک نے کہا کہ پشاور میں پی آئی اے کی اراضی کی قیمت اربوں روپے ہے جبکہ اسے صرف چند کروڑ روپے میں فروخت کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے جو قوم کی دولت لوٹنے کا ایک نیا حربہ ہے ، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کو لوٹنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہی تاہم اے این پی اس قسم کی کسی بھی کوشش کے خلاف مزاحمت کرے گی ، سردار حسین بابک نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں پی آئی اے کی اراضی صوبائی حکومت کو فروخت کرے اور صوبائی حکومت اس کی موجودہ مارکیٹ ریٹ کے مطابق قیمت وصول کرے ، انہوں نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ 1988میں پشاور اور صوبے کے دیگر اضلاع میں پی آئی اے کی اراضی کا جو تخمینہ لگایا گیا وہ آج بھی وہی ظاہر کیا جا رہا ہے حالانکہ ان اثاثو ں کی مالیت اربوں روپے تک پہنچ چکی ہے ، انہوں نے کہ وفاقی حکومت قومی خزانہ دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے جس کا واضح ثبوت آئی ایم ایف کی جانب سے گزشتہ روز آنے والی رپورٹ ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومتی قرضوں کے باعث بجٹ خسارہ انتہا کو پہنچ چکا ہے،انہوں نے کہا کہ پی آئی کے اثاثوں کی نجکاری کا عمل پنجاب سے شروع کیا جائے اور خیبر پختونخوا میں ادارے کی اراضی کی فروخت کی ذمہ داری صوبائی حکومت کے حوالے کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں