پارٹی کو مزید فعال بنانے کیلئے صوبائی اور ضلعی قائدین عہدیداروں کو متحرک کیا جائیگا ،حیدرہوتی

مرکزی اور صوبائی قائدین کیلئے کئی ماہ پر محیط ایک دورہ جاتی مہم رکھی گئی ہے، صدر عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا

منگل 12 جنوری 2016 19:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ پارٹی کو مزید فعال بنانے کیلئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت بدلتے حالات کے تناظر میں صوبائی اور ضلعی قائدین عہدیداروں کو متحرک کیا جائیگا تاکہ کارکنوں اور عوام کو اعتماد لیا جائے اور پارٹی کی خدمات ، پیغام اور منشور کو نچلی سطح پر منتقل کیا جائے۔

باچا خان مرکز پشاور میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ مرکزی اور صوبائی قائدین کیلئے کئی ماہ پر محیط ایک دورہ جاتی مہم رکھی گئی ہے ، جس کے دوران پارٹی رہنما اور عہدیداران عام کارکنوں کیساتھ رابطے بڑھائیں گے اور ان کی تجاویز اور مشوروں کے نتیجے میں پارٹی کو مزید فعال بنایا جائیگا تاکہ 2018 کے الیکشن سے قبل نئی صف بندی کی جائے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربات کے تناظر میں 2018 کے الیکشن میں اُمیدواروں کو ٹکٹ کارکنوں اور تنظیموں اور صاحب الرائے مشران کی مشاورت اور مرضی کی بنیاد پر جاری کیے جائیں گے اور اُن اُمیدواروں کو سامنے لایا جائیگا جن کو کارکنوں کا اعتماد حاصل ہو۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پیرا شوٹ کے ذریعے ٹکٹ اور عہدے ملنے کا دور گزر چکا ہے۔ اب میرٹ ، خدمات اور کارکنوں کی مرضی کو سامنے رکھ کر ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اب کے بار پارٹی اُمیدواروں کو اس فارمولے کے تحت الیکشن مہم سے کئی ماہ قبل ٹکٹ جاری کیے جائیں گے تاکہ وہ اطمینان اور تیاری کیساتھ کارکنوں اور عوام کیساتھ اپنے رابطے بڑھائیں اور اس کے نتیجے میں مطلوبہ مقاصد حاصل کیے جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں