خطہ تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے ،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان خطے اور پختون قوم کو ہوا ،وفاقی حکومت کی طرف سے ا قتصادی راہداری سمیت دیگرمعاملات میں معاندانہ رویہ اختیار کیا گیا ہے ، عوام کے ساتھ رابطہ کو مضبوط اور پارٹی کا پیغام گھر گھرتک پہنچایا جائے

قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ کا اجلا س سے خطاب

ہفتہ 9 جنوری 2016 19:59

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔09 جنوری۔2016ء ) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ کے زیر صدا رت وطن کور پشاور میں ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پارٹی کی تنظیمی صورتحال پر غور وحوض کیا گیا اور پارٹی کو منظم کر نے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا گیا۔مر کزی چیئرمین نے پارٹی کارکنوں کو ہدایات جاری کیں کہ عوام کے ساتھ رابطہ کو مضبوط کیا جائے اور پارٹی کا پیغام گھر گھرتک پہنچایا جائے اور تمام کارکنان اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ خطہ تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے ایک طرف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے ذیادہ نقصان اس خطے اور پختون قوم کو ہوا تو دوسری طرف وفاقی حکومت کی طرف سے مختلف ایشوز جیسا پاک چائنا اکنامک کوریڈور اور دوسرے معاملات میں معاندانہ رویہ اختیار کیا گیا جس سے چھوٹوں صوبوں کی مایوسی میں عموما اور پختونوں کے مایوسی میں خصوصا اضافہ ہوا ہے جو وفاق کیلئے نقصان دہ ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت اپنا روش بدلیں کیونکہ چھوٹے صوبوں اور قومیتیوں کی ترقی سے ہی ملک مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو کوئی بھی بڑا منصوبہ شروع کر نے سے پہلے صوبوں کو اعتماد میں لینا چاہئے بصورت دیگر اس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے۔انہوں نے تمام قوم، محب وطن اور جمہوری قوتوں سے اپیل کی کہ قوم کے وسیع تر مفادات کے خاطر جمع ہوکر قومی وطن پارٹی کا ساتھ دیں تاکہ پختون قوم کو ان مشکلات سے نکالنے کیلئے کردار ادا کر سکیں۔

اجلاس میں قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ ، جمیل مرغز، مسعود جبار، اسد آفریدی ، محمد نثار ایڈوکیٹ اورقومی وطن پارٹی کے پشاور زون کے جنرل سیکرٹری کفایت علی ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں