محکمہ ٹرانسپور ٹ میں بین الاقوامی طرز پر نئی بسوں کے انتظام پر کام تیزی سے جاری ہے،ملک شاہ محمد خان وزیر

جمعہ 8 جنوری 2016 21:02

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمدخان وزیر کی زیر صدارت سیکرٹری ٹرانسپورٹ خیبر پختونخواکے دفتر پشاور میں جمعہ کے روز ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہواجس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور ڈائریکٹرٹرانسپورٹ کے علاوہ دیگرمتعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ میں ترقیاتی سکیموں،محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق اہم مسائل اور گزشتہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمدکاجائزہ اور ہائی ایس گاڑیوں سے اضافی سی این جی سلینڈر اتارنے کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ بجٹ میں بین الاقوامی روٹس خصوصاً راہداری روٹ کیلئے ٹرک ٹرمینل کے لئے رقم مختص کی گئی ہے جبکہ اڈوں کی حالت مکمل طور پر بدلنے کیلئے مربوط نظام تشکیل دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پشاور میں 23نئے روٹس کی منظوری دے دی گئی ہے جس سے شہر پر بے تحاشا رش کم ہونے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں عوام کو معیاری سفری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے حکومت نئی ٹرانسپور ٹ سروس کوترجیح دے گی تاکہ ماحولیاتی آلودگی کیساتھ ساتھ ٹریفک حادثات پر بھی قابو پایاجاسکے۔اجلاس کوبتایا گیا کہ پرانی اور کٹھارہ گاڑیوں کو شہر سے نکالنے کے لئے جدوجہد جاری ہے کیونکہ یہ ماحولیاتی آلودگی ،حادثات اور سست رفتاری کی بنیادی وجہ ہے او رآلودگی پر قابو پانے کے لئے شہر میں سولررکشے چلانے پر بھی اتفاق ہوا۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پشاورمیں جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ٹرانسپورٹ کمپلیکس تعمیر کیاجائے گا ۔ معاون خصوصی ملک شاہ محمد خان وزیر نے اجلاس کے شرکاء پرزور دیاکہ وہ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمدکیلئے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں کیونکہ ان تمام فیصلوں کا تعلق براہ راست عوام سے ہے تاکہ وہ ان فیصلوں کے نتیجے میں میسرآنے والی سہولیات سے جلد ازجلد استفادہ کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں