کوہاٹ افغان مہاجر کیمپ میں سرچ آپریشن، دوغیر ملکی باشندوں سمیت 30مشتبہ افراد گرفتار

جمعہ 8 جنوری 2016 20:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء)کوہاٹ افغان مہاجر کیمپ میں سرچ آپریشن کے دوران دوغیر ملکی باشندوں سمیت 30مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔کاروائی میں مشکوک موٹر سائیکلیں اور اسلحہ بھی قبضے میں لیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ کے نواح میں واقع ابلن افغان مہاجر کیمپ میں جمعہ کی صبح پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا اور حساس ادارے کی نشاندہی پر مخصوص مقامات پر چھاپے مارے گئے اور ان چھاپہ مار کاروائی کے نتیجے میں دو افغان باشندوں سمیت 30مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔

(جاری ہے)

کاروائی کے دوران متعدد مقامات کی تلاشی لی گئی جسمیں پولیس کو دو مشکوک موٹر سائیکلیں ،دو شاٹ گن ،چار پستول اور مختلف بور کے درجنوں کارتوس ملے ہیں جسے تحویل میں لیکر تھانہ چھاؤنی منتقل کر دیا گیا ہے۔آپریشن کے دوران زیر حراست تمام ملزمان کوبھی چھان بین کیلئے مقامی تھانہ لایا گیاجن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔پولیس کے مطابق آپریشن میں گرفتار دوافغان باشندوں خیال محمد اور شفیق کے خلاف قانونی دستاویزات کے بغیر پاکستان میں داخل ہوکرعلاقے میں رہائش رکھنے کے جرم میں ایمیگریشن قوانین کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے ہیں اور انہیں ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ بھیج دیا گیا ہے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں