تحریک انصاف موروثی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، اداروں کی مضبوطی سے عوام کو انکے حقوق گھر کی دہلیز پر ملیں گے،محمد عاطف خان

ہفتہ 2 جنوری 2016 22:35

پشا ور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف موروثی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، اداروں کی مضبوطی سے عوام کو انکے حقوق گھر کی دہلیز پر ملیں گے،صوبائی احتساب کمیشن میں پلی بارگین کا تصور نہیں اگر مرکز میں تحریک انصاف کی حکومت بنی تو نیب سے بھی پلی بارگین کا تصور ہمیشہ کے لئے ختم کردیں گے۔

وہ ساولڈھیر اور یونین کونسل فاطمہ کلے میں شمولیتی جلسوں سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر ویلج کونسل گدر کے ناظم جہانگیر خان ، ویلج کونسل ساولڈھیر کے نائب ناظم فقیر تاج ،سید اللہ ،ایاز ممبر،بسم اللہ جان،عارف خان ،سرتاج اور دیگر نے مختلف سیاسی پار ٹیوں سے مستعفی ہو کر تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر تعلیم نے نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دی اور انہیں ٹوپیاں بھی پہنائیں جبکہ جلسوں سے قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان ،ضلع کونسل کے اراکین ابرار خان ایڈوکیٹ،ملک شوکت،شاہد باچا، عبدالستار،تحصیل کونسلر ایاز صافی ، طارق سعید،احمدی سجاد،ہارون اخونزادہ، سعید خان اورفرہاد علی نے بھی خطاب کیا۔

صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا کہ ماضی میں کرپشن کرنے والے حکمران اور بڑے بڑے مگر مچھ احتساب کمیشن سے بچنے کے لئے نیب کا سہارا لے رہے ہیں لیکن انہیں چھپنے نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے مطابق جو کیس نیب میں چل رہے ہوں اس کے خلا ف صوبائی احتساب کمیشن کاروائی نہیں کر سکتا۔ کرپشن کرنے والے مگر مچھوں پر جونہی احتساب کمیشن ہاتھ ڈالتا ہے تو وہ اسے سیاسی انتقام قرار دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ کونسا قانون ہے کہ اربوں کی کرپشن کر کے چند کروڑ یا چند لاکھ روپے سے پلی بارگین کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے اب کوئی بھی کرپشن میں پکڑا گیا تو قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گا۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ای ٹینڈرنگ کے نظام سے ٹھیکے بھی میرٹ پر دےئے جارہے ہیں تعمیراتی کاموں میں بھی کوئی کرپشن نہیں کر سکتا۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ جو بھی غلط کام دیکھے تو فوری طور پر انکے نوٹس میں لائیں تاکہ بروقت اسے روکا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں ناقص کارکردگی پر 7200اساتذہ کے خلاف کاروائی کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ افسران یا تو خلو ص دل سے عوام کی خدمت کریں گے یا اپنے عہدے چھوڑ دیں گے۔ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے لیکن ضرورت ایماندار لیڈرشپ کی ہے جو کہ عمران خان کی شکل میں قوم کو مل گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں قیام امن کے لئے انصاف کا بول بالا کرنا ہو گا ۔

وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جہاں حق دار کوحق ملتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک کی حکومت اپنے منشور پرعمل پیرا ہے اورانہوں نے صوبے کے تمام اداروں سے کرپشن کا خاتمہ کر کے اداروں کوبا اختیاربنا دیا ہے انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنماوٴں کی ماضی کی تقریریں نکال لی جائیں تو پتہ چل جائیگا کہ انکی تقریروں میں کرپشن لفظ کبھی استعمال ہواہی نہیں کیونکہ وہ خود کرپشن مین ملوث تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی 65فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوانوں کے ذریعے سے ہی ملک میں خوشحالی آسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کر کے اداروں کو بااختیار بنا دیا ہے اور اب غریب کو بھی اسکا حق آسانی سے مل رہا ہے۔ محمد عاطف خان نے ساولڈھیر کے سرکاری سکولوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کا اعلان کیا اور کہا کہ علاقے کے مسائل بہت جلد حل کئے جائیں گے۔

اس موقع پر نادرا خودکش دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیا بی کے لئے دعا بھی کی گئی۔درایں اثناء صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان اور رکن قومی اسمبلی مجاہد خان نے یو سی فاطمہ کے ضلعی کونسلر صفدر علی سے انکی ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کی وہ کچھ دیر انکے ہمراہ رہے اور انہوں نے مرحومہ کی مغفرت کے لئے فاتحہ خوانی کی

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں