سہ فریقی اتحاد بلدیاتی انتخابات کے بعد بھی قائم رہیگا،حیدرہوتی

پیر 25 مئی 2015 16:26

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ سہ فریقی اتحاد بلدیاتی انتخابات کے بعد بھی قائم رہے گا ،پختون باہمی اتحاد سے سونامی کو واپس بنی گالہ بھیج کر دم لیں گے ،عمران خان پختون نوجوان سے کئے ہوئے وعدوں میں مکمل طورپر ناکام ہوچکے ہیں 30مئی کو کامیابی اے این پی اور اس کے اتحادیوں کی ہوگی،سرکاری آر اوز حکومتی دباوٴ میں نہ آئیں اور صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد کو ممکن بنائیں بصورت دیگرانہیں اپنے کئے کا حساب کتاب دینا ہوگا 30مئی نام نہاد تبدیلی والوں کا یوم حساب ہے اورپختون قوم اس دن اپنا حساب چکتا کرے گی، ان خیا لات کا اظہار انہوں نے پشاور کے مختلف علاقوں تہکال پایاں ،سوڑیزئی اور سفید ڈھیری میں بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ کہ اے این پی نے عوامی حقوق کے تحفظ کا تہیہ کر رکھا ہے اور بلدیاتی الیکشن میں کامیابی کے بعد پارٹی عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گی ،انہوں نے کہا کہ اے این پی بلدیاتی الیکشن میں کلین سویپ کرے گی ، اور انشاء اللہ 30 مئی کا سورج اے این پی کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہو گا،انہوں نے کہا کہ اے این پی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوامی مفادات اور حقوق کا تحفظ کیا ہے ، اور عوام کی پارٹی میں جوق در جوق شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے ،انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوامی مشکلات میں کمی کی بجائے اضافہ کر دیا ہے اور صوبے کے عوام اب انہیں ووٹ دینے پر پچھتا رہے ہیں، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اے این پی منافقت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور سہ فریقی اتحاد کی فتح یقینی ہے ، انہوں نے کہا کہ سہ فریقی اتحاد آنے والے جنرل الیکشن میں بھی کامیابی کی طرف ایک قدم ہے اور پختونوں کے حقوق غصب کرنے والوں کو بھاگنے نہیں دینگے۔

(جاری ہے)

صوبائی صدر نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں سہ فریقی اتحاد کی کامیابی یقینی ہے اور صوبے کی ترقی کیلئے یہ کامیابی سنگ میل ثابت ہو گی اور فتح کا سورج سہ فریقی اتحاد کے حق میں طلوع ہو گا ، امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ اے این پی واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اپنی انسان دوست اور مثبت پالیسیوں کے باعث پارٹی کی مقبولیت کا گراف دن بدن بڑھتا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ سہ فریقی اتحاد میں شامل جماعتیں بلدیاتی الیکشن میں کلین سویپ کریں گی اور یہ اتحاد مستقبل میں بھی برقرار رہے گا۔

اے این پی ضلع پشاور کے صدر ملک نسیم خان ، خوشدل خان ایڈوکیٹ ، ارباب نجیب اللہ ، عالمگیر خلیل اور پیپلز پارٹی کے رہنما شاہ طہماس نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں