صوبائی حکومت سرکاری ملازمین کو دیوار سے لگانے کی روش ترک کر دے ، سردار بابک

جمعہ 31 اکتوبر 2014 16:07

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء)صوبائی حکومت عدالتی احکامات کی دھجیاں بکھیرنے پر تلی ہوئی ہے محکمہ بہبود آبادی کے 480موبلائزرز کو ملازمتوں سے فارغ کرنا مزدور کش پالیسی کا حصہ ہے ان خیالات کا اظہا ر عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر و ترجمان سردار حسین بابک نے باچا خان مرکز پشاور میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے 480موبلائزرز کو صرف ایک نوٹی فکیشن پر ملازمتوں سے فارغ کرنے پر انتہائی غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے انصاف کو پس پشت ڈال دیا ہے اور مزدور کش پالیسی پر تسلسل سے کاربند ہے ، انہوں نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا کہ پشاور ہائیکورٹ ان غریب ملازمین کی بحالی سے متعلق فیصلہ دے چکی ہے تاہم اس کے باوجود صوبائی حکومت نے عدالتی احکامات کی دھجیاں بکھیر تے ہوئے ان ملازمین کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ، انہوں نے کہا کہ ایک طرف عمران خان اپنے جلسوں میں نوجوانوں کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ حکومت میں آنے کے بعد تمام بے روزگاروں کو روزگار دیا جائے گا جبکہ صوبے میں ان کی اپنی حکومت نے18ماہ میں ہر محکمے سے سرکاری ملازمین کو نہ صرف دیوار سے لگایا ہے بلکہ روزانہ کی بنیاد پر ملازمین کو گھر بھیجا رہا ہے ، انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ملازم کش پالیسی پر نظر ثانی کرے اور عوام کو روزگار دینے کی بجائے ان سے روٹی کا نوالہ چھیننے کی روش ترک کر دے۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں